ٹریفک حادثہ، جشن آزادی منانے نکلنے والے 2 بچے جاں بحق،3زخمی

ہفتہ 15 اگست 2020 00:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2020ء) شہر قائد میں آئی سی آئی پل کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے، بد قسمت بچے بڑے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر جشن آزادی منانے نکلے تھے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں آئی سی آئی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو ذرایع کے مطابق حادثے میں 2 بچیوں سمیت تین بچے زخمی ہو گئے ہیں جنھیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کو کار کی ٹکر کے باعث پیش آیا، حادثے کی شکار موٹر سائیکل پر پانچوں بچے بہن بھائی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 14 سال کا عمر اور 3 سال کا اویس شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 4 سال کی افشاں، 6 سال کی منیبہ اور 7 سال کا عبدالہدی شامل ہیں۔ریسکیو زرائع کے مطابق سب سے بڑا بھائی یوم آزادی منانے کے لیے بچوں کو موٹر سائیکل پر گھمانے کے لیے نکلا تھا کہ آئی سی آئی پل کے قریب کار کی ٹکر سے حادثے کا شکار ہو گئے، بچوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے لباس پہن رکھا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے بچے بلدیہ 7 نمبر کے رہائشی ہیں، اہل خانہ سول اسپتال پہنچے تو بچوں کو دیکھ کر ان کی حالت غیر ہونے لگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں