واٹربورڈ نے اپنے نادہندگان کے خلاف نوٹس جاری کرنے کا کام مکمل کرلیا

نوٹس میں واجبات کی ادائیگی کیلئے دی گئی مدت گزرتے ہی نادہندگان کے خلاف باقاعدہ و بھرپور آپریشن کاجلد آغاز کردیا جائے گا، ترجمان واٹربورڈ

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) واٹربورڈ نے اپنے نادہندگان کے خلاف نوٹس جاری کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے،جاری نوٹس میں واجبات کی ادائیگی کیلئے دی گئی مدت گزرتے ہی نادہندگان کے خلاف باقاعدہ و بھرپور آپریشن کاجلد آغاز کردیا جائے گا، ترجمان واٹربورڈ کے مطابق وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ سید ناصر حسین شاہ کی جانب سے واٹربورڈ کے ریوینیومیں اضافہ کیلئے جاری خصوصی ہدایات پر واٹربورڈ کے ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے،نادہندگان کے خلاف کارروائی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں، صارفین کو بل جاری کردیئے ہیں جبکہ نادہندگان کو واجبات کی ادائیگی کیلئے لئے حتمی نوٹسز کا اجراء کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے، ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمودشیخ نادہندگان کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں واٹربورڈ کے ٹیکس اور انجینئرنگ سمیت دیگر متعلقہ ڈپارٹمنٹس کے ساتھ منعقدہ خصوصی اجلاسوں کے دوران نادہندگان کے خلاف آپریشن سے متعلق ضروری احکامات پہلے ہی جاری کرچکے ہیں،واٹربورڈ کوآپریشن میں شہری انتظامیہ کی مدد بھی حاصل ہوگی،آپریشن کے دوران نادہندگان کے پانی اور سیوریج کے کنکشن منقطع کردیئے جائیں گے جبکہ نادہندگان کی جائیدادوں کی قرقی بھی خارج از امکان نہیں ہے، واضح رہے کہ رواں ماہ کے بلوں کی ادائیگی کی آخری تاریخ 21ستمبر ہے جس کے بعد واٹربورڈ کی جانب سے نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان واٹربورڈ کے مطابق شہر بھر میں قائم واٹربورڈ ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے ریٹیل کے تمام دفاتر اور کنزیومر سینٹر کارساز ہفتہ کو تعطیل کے باوجود کھلا رہے گا،ایسے صارفین جو ڈپلیکیٹ بل لینا یابلوں کی اقساط کرنا چاہیں ان دفاتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں