سرمایہ دارنہ ٹھیکیداری نظام ملک بھر کے محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے،شمس الرحمن سواتی

مزدوروں کو انصاف کی فراہمی ہمارے منشور کا حصہ ہے،مزدور 27ستمبر کو ’’حقوق کراچی مارچ ‘‘ میں بھر پور شرکت کریں ،حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 19 ستمبر 2020 00:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2020ء) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ سرمایہ دارنہ ٹھیکیداری نظام ملک بھر کے محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے ۔ ٹھیکیداری نظام کراچی سمیت ملک بھر کے محنت کشوں کا مسئلہ ہے ۔ این ایل ایف نے مزدوروں کے حقوق اور محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ جدو جہد کی ہے ۔

لاک ڈائون کے دوران این ایل ایف نے مختلف صنعتی اداروں ، کارخانوں اور فیکٹریوں سے مزدوروں کی جبری بے دخلی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف آواز بلند کی تھی اور ان کے مسائل حل کرائے تھے ۔ مزدوروں کے حقوق کی جدو جہد آئندہ بھی جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز این ایل ایف کراچی کے تحت محنت کشوں اور مزدوروں کو ان کے قانونی حقو ق کی فراہمی اور مسائل کے حل سمیت مختلف صنعتی اداروں ،کارخانوں اور فیکٹریوں میں لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں،مزدور وں پر ظلم واستحصال اور ٹھیکداری نظام کے خلاف 12تا18ستمبر ’’ہفتہ مزدورحقوق‘‘ کے سلسلے میں لیبر اسکوائر گرائونڈ سائٹ میں محنت کشوں کے ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

جلسے میں مختلف صنعتی اداروں اور فیکٹری و کارخانوں سے وابستہ ملازمین اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے شر کت کی ۔ جلسے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، این ایل ایف کراچی کے سیکریٹری قاسم جمال ، جوائنٹ سیکریٹری امیر روان سمیت مختلف ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ شمس الرحمن سواتی نے مزید کہا کہ این ایل ایف کا مطالبہ ہے کہ ہرمزدورکوملازمت کا تقررنامہ جاری کیاجائے،کم ازکم اُجرت کا تعین مہنگائی کے تناسب سے کیاجائے،سندھ حکومت لیبرقوانین پر مکمل عملدرآمدکروائے ،ٹھیکیداری نظام کا مکمل خاتمہ کیاجائے،تمام فیکٹریوں میںہرور کر کا انشورنس ،سوشل سیکورٹی اورEOBIمیںرجسٹریشن کروائی جائے،لیبرقوانین کوآسان اوراُردومیں بنایاجائے، مزدوروںکی رجسٹریشن میںEOBI ،سوشل سیکورٹی اورلیبرڈیپارٹمنٹ کے ادارے جعلی گورننگ باڈی اور غیر نمائندگی سہ فریقی کمیٹیاںسب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ان جعلی گورننگ باڈیوںاورسہ فریقی کمیٹیوںکوختم کرکے حقیقی مزدوروںکے نمائندوںکونمائندہ گی دی جائے ، حکومت فوری طورپرتمام اداروں،صنعتوںاور ٹھیکیداروں کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کاریکارڈ کیمپوٹرائز کرائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ مہنگائی،بیروزگاری کے اس دور میں بدترین حالات زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے ٹھیکہ داری نظام محنت کشوں کے بنیادی حقوق کو غصب کر رہا ہے محنت کشوں کو تمام مراعات سے یکسر محروم کر دیا گیا ہے ادارے محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے سرمایہ داروں کے محافظ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

قومی ادارے حکمرانوںکی کرپشن نااہلی اور لوٹ مارکی وجہ سے آج مکمل طور پر تباہی و بربادی کا شکار ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے اور ان پر نارواظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔ مزدوروں کو انصاف اور حقوق کی فراہمی جماعت اسلامی کے منشور کا حصہ ہے ، ہم مزدوروں اورعام شہریوں سمیت ہر مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ۔

ملک میں عدم و انصاف کا نظام ہوگا تو مزدور سمیت ہر مظلوم اور محروم کو انصاف اور حق مل سکے گا ۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے شہریوں کو درپیش بے شمار مسائل کے حل اور کراچی کے آئینی و قانونی حقوق کے حصول کے لیے ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ شروع کی ہوئی ہے اور اس سلسلے میں 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ایک بڑا اور تاریخی مارچ منعقد کیا جا رہا ہے ،مزدور برادری سے اپیل ہے کہ اس مارچ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں ۔

خالد خان نے کہاکہ لاک ڈائون کے دوران کراچی کے مزدوروں اور محنت کشوں کو بڑی تعداد میں روزگار سے محروم کیا گیا ، سندھ حکومت محض اعلانات اور دعوے کرتی رہی لیکن عملاً کچھ نہیں کیا ۔ بے روزگاری بہت بڑھ گئی ہے ، مزدوراور محنت کش پہلے سے زیادہ مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں ، ٹھیکیداری نظام میں مزدوروں کا حق مارا ہے ۔ ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ مزدور مسائل کے حل کے لیے بہت ضروری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان محنت کشوں کی نمائندہ تنظیم ہے ،انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن ILO نے پاکستان میں جن 3 بڑی فیڈریشنز کو مستند قرار دیاہے اس میں NLF کانام بھی شامل ہے ۔این ایل ایف نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران بھی جبری برطرفی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا اور گرفتاریاں بھی دیں ۔آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں