کراچی ایئر پورٹ پر بچھو کے کاٹنے سے اے ایس ایف کا جوان جاں بحق، ندیم کو لاڑکانہ میں سپردخاک کردیاگیا

اتوار 20 ستمبر 2020 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے قریب بچھو کے کاٹنے سے ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس(اے ایس ایف) کا ایک جوان جاں بحق ہو گیا۔اے ایس ایف کے ترجمان کرنل عثمان تنویر کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ 12 ستمبر کو کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے قریب پیش آیا تھا۔اے ایس ایف اہلکار ندیم رن وے کے ساتھ کیمپ پر سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔

عثمان تنویر کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کراچی ایئر پورٹ کے رن وے کے اطراف خود رو گھاس اگ آئی ہے، جس میں سانپ، بچھو اور دیگر حشرات الارض کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔اے ایس ایف اہلکار ڈیوٹی کے دوران کیمپ کے قریب زمین پر چائے بنا رہا تھا کہ اس دوران اسے بچھو نے کاٹ لیا۔ترجمان کے مطابق اہلکار ندیم کو تکلیف کے باعث فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس میں زہر کا پھیلائو روکنے کے لیے طبی امداد دی گئی تھی بعد ازاں حالت بگڑنے پر اسے علاج کے دوران درجن سے زائد ڈرپس بھی لگائی گئیں جس سے ندیم کی حالت کچھ بہتر ہوئی تاہم بدقسمتی سے وہ 17 ستمبر کو انتقال کر گیا۔

(جاری ہے)

لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ندیم کو آبائی گائوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ترجمان اے ایس ایف عثمان تنویر کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقعہ ہے، ادارے کی جانب سے اہلکار کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر خدا کو یہی منظور تھا۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں تو پھر بھی صورتِ حال بہتر ہے مگر ملک کے دیگر ایئر پورٹس خاص طور پر اسلام آباد میں اے ایس ایف اہلکاروں کو رن وے پر ڈیوٹی دینے کے دوران جنگلی جانوروں سے شدید خطرات رہتے ہیں۔اسلام آباد ایئر پورٹ کے اطراف جنگلات کی وجہ سے اکثر جنگلی جانور رن وے کی طرف نکل کر اہلکاروں پر حملہ آور ہوتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں