گیس کا بحران کی وجہ سے شہری شدید کرب میں مبتلا ہو گئے ہیں ، حاجی حنیف طیب

مختلف علاقوں میں 12 گھنٹے تک بندش اور پریشر کی کمی،بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں ، صدر نظام مصطفی پارٹی

اتوار 20 ستمبر 2020 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) نظام مصطفی پارٹی کے مرکزی صدر سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اب عوام کو سردیوں سے قبل گیس لوڈشیڈنگ کی اذیت سے دو چار ہورہے ہیں۔ علی الصبح ہی گیس بندش سے لاکھوں گھریلو صارفین پریشانی میں مبتلا ہورہے ہیں۔ کنویں خشک ہونے سے سندھ میں گیس کا بحران شدید ہو گیا۔

گیس بحران بدستور موجود، گھروں میں چولہے بند ہیں، خواتین اپنے روز مرہ کے کاموں کو کیسے انجام دیں ،گیس بحران سے کیسے نمٹا جائے، وفاقی وزیر پیٹرولیم نے گیس بحران سے نمٹنے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیںاور ٹرانسپورٹر کی غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کے باعث سی این جی بسیں سڑکوں پر نظر نہیں آتی ہیں۔

(جاری ہے)

گیس بحران کی وجہ سے اسکول، کالجز، یونیورسٹی سمیت دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پریشر کا جواز بنا کر سوئی سدرن گیس کمپنی نے شہر کے متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے تک گیس کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے جو مسلسل عوام سے زیادتی ہے اور اب کے الیکٹرک کی طرح گیس بھی اب لوڈمینجمنٹ کے تحت سپلائی کی جانے لگی ہے۔جس کی وجہ سے شہریوں کو بندش اور گھنٹوں گیس پریشر میں کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ گیس کے بحران کی وجہ سے صنعتی اداروں میں صنعتیں بند ہونے اور بیروزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کے بحران سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں اور مظلوم عوام کو ذہنی اذیت سے بچایا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں