نااہل حکمرانوں نے عوام سے بنیادی ضروریات زندگی بھی سلب کر لی ہیں،قاری محمدعثمان

ٹھل جیکب آباد کے باسی کئی سالوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں،سالہا سال سے واٹر سپلائی کی اسکیم کرپشن کی نظر ہوجاتی ہے، پریس کلب کے باہر ٹھل تا کراچی نکالے گئے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب

اتوار 20 ستمبر 2020 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام سے بنیادی ضروریات زندگی بھی سلب کر لی ہیں۔پانی زندگی ہے اور ٹھل جیکب آباد کے باسی کئی سالوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔سالہا سال سے واٹر سپلائی کی اسکیم کرپشن کی نظر ہوجاتی ہے،کوئی پوچھنے والا نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی پریس کلب کے سامنے نوجوان کمیٹی ٹھل کی جانب سے ان کے شہر ٹھل کے لئے منظور ہونے والی واٹر سپلائی اسکیم میں کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف ٹھل تا کراچی نکالے گئے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ مظلوم شہری صوبہ سندھ کے پنجاب بارڈر کے دور دراز علاقوں سے اپنے حق کی طلب کے لیے آج کراچی پہنچے ہیںاور یہ بات موجودہ حکمرانوں کے منہ پر نہ صرف طمانچہ ہے بلکہ سندھ حکومت اور حکومتی اداروں کیلئے باعث شرم ہے ۔

(جاری ہے)

قاری محمد عثمان نے ٹھل کی نوجوان کمیٹی کو یقین دلایا کہ وہ کمیٹی کے تمام مطالبات کی منظوری کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ٹھل نوجوان کمیٹی اپنے مطالبات کے حق میں جب تک احتجاج پر ہوگی اور حکومت پر مطالبات کی منظوری کے حوالے سے جو بھی دباؤ ڈالے گی ہم اسے تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹھل جیکب آباد کے شہریوں کے مسائل خصوصا پینے کے صاف پانی کیلئے فوری طور پر واٹر سپلائی اسکیم پر کام شروع کیا جائے ورنہ اہل کراچی ٹھل جیکب آباد نوجوان کمیٹی کے احتجاج میں شامل ہوکر اپنے بھائیوں کے ساتھ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اگر ٹھل جیکب آباد نوجوان کمیٹی کے مطالبات پر فوری کاروائی نہ کی تو احتجاجی کیمپ کسی اور مقام پر منتقل ہوسکتا ہے جو یقینی طور پر سندھ حکومت کیلئے باعث شرم ہوگامارچ سے سلمان احمدگہنیو ،انعام اللہ برڑو ،صغرا لاشاری ایڈووکیٹ ،انیس الرحمان سومروودیگر نے خطاب کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں