کراچی ،شیرشاہ میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے

4 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا،فوری طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کا ملبے ہٹانے کا کام شروع کردیا سیوریج کا نظام درہم برہم ہے جس کی وجہ سے عمارتیں متاثر ہو رہی ہیں ،مزید واقعات پیش آسکتے ہیں ،ڈائریکٹر ایس بی سی اے فوری طور پر انتظامیہ کو متحرک کیا جائے اور کوشش کر کے مزدوروں کی جان بچائی جائے،وزیراعلیٰ سندھ کی کمشنر کراچی کو ہدایت

پیر ستمبر 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2020ء) کراچی کے علاقے شیرشاہ میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ 4 افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا۔کراچی کے علاقے سائٹ میں سیمنز چورنگی کے قریب گارمنٹس فیکٹری کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے متعدد افراد دب گئے تاہم 4 افراد کوزخمی حالت نکال لیا گیا ہے۔سیمنزچورنگی کے قریب گارمنٹس کی فیکٹری کی چھت اچانک اس وقت گر گئی جب ملازمین فیکٹری میں موجود تھے۔

فوری طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کا ملبے ہٹانے اور ملبے تلے دبے ہوئے افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق عمارت کی گرنے والے چھت بوسیدہ تھی اور اس کے نیچے زیادہ افراد موجود نہیں تھے تاہم دبے افراد کی درست تعداد بتانا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی ای)علی مہدی نے بتایاکہ عمارت میں کوئی نقص ہو گا جس کی وجہ سے وہ گری ہے۔

جو عمارتیں گرتی ہیں ہم ان کا سروے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہے جس کی وجہ سے عمارتیں متاثر ہو رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید عمارتیں گرنے کے واقعات سامنے آنے کا خدشہ ہے۔ایس ایچ اوسائٹ ایریاپلویس اسٹیشن ایاز خان نے بتایا کہ ملبے سی4 افرادکو زخمی حالت میں نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں نماز کے وقفے کے باعث متاثرہ حصے میں عملے کے ارکان کی تعداد کم تھی۔

پولیس اور رینجرز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں اداروں کے جوان جائے وقوع پر موجود ہیں اور دیگر ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق فیکٹری مالکان سے رابطہ کرکے شفٹ میں کام کرنے والے ملازمین کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایاکہ پولیس کی بھاری نفری امدادی ٹیموں کے ہمراہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہے اور حادثے میں متاثرین کی ہر ممکن مدد اور 24 گھنٹے اپنے فرائض کی انجام دہی کیلیے موجود ہے۔

وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سائٹ ایریا میں فیکٹری کی چھت گرنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔وزیراعلی نے کمشنر کراچی سہیل راجپوت کو ہدایت کی کہ فوری طور پر انتظامیہ کو متحرک کیا جائے اور کوشش کر کے مزدوروں کی جان بچائی جائے۔علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ نے سائٹ لمیٹڈ کی انتظامیہ کو بھی متاثرین کی فوری مدد کرنے کی ہدایت کی۔

کراچی شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments