دنیا میں کسی بھی جگہ ترقی و خوشحالی کے لئے امن ضروری ہے ،افتخارعلی شالوانی

ٓپرسکون اور منظم ماحول میں ہی بہتری کی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی

منگل 22 ستمبر 2020 00:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ دنیا میں کسی بھی جگہ ترقی و خوشحالی کے لئے امن ضروری ہے ، پرسکون اور منظم ماحول میں ہی بہتری کی کاوشیں کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں، اگر غور کیا جائے تو اس پوری کائنات کا نظام ایک مقررہ ضابطے کے تحت چل رہا ہے ، خالق کائنات کے بنائے ہوئے ضابطے کی اہمیت کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے انسانوں کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ امن عالم کے لئے برسرپیکار ہوجائیں اور جیو اور جینے دو کے اصولوں پر عمل پیرا رہیں، ہر سال 21 ستمبر کو امن کا عالمی دن منانے کا مقصد بھی یہی ہے،اقوام متحدہ نے 2020 ء کو سننے اور سیکھنے کا سال قرار دیا ہے، امید ہے ہم اس پیغام کو اچھی طرح سمجھتے ہوئے پرامن اور خوشحال مستقبل کی راہ پر گامزن ہوجائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم امن پر منعقدہ ورلڈ پیس کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اس موقع پر ایمبیسڈرآف پیس(سفیر امن) کا ایوارڈ بھی دیا گیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اپنی تقریر میں کہا کہ کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 کی وجہ سے اس سال یہ دن اور بھی اہمیت حاصل کرگیا ہے ان مشکل حالات میں عالمی یوم امن سماجی فاصلے کے باوجود مشترکہ خیالات اور باہمی مکالمے کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، ہمیں اپنے زخموں کو مندمل کرتے ہوئے اس زمین پر ہر دم بہتری کی طرف قدم بڑھانے ہیں، انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اس کے پیروکاروں کو دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ امن و آتشی کے ساتھ رہنے کی تاکید کی گئی ہے اس کے ساتھ ہی ہمارے اوپر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ ہم دوسروں کی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کریں، امن کا خواب تین سطحوں یعنی ذاتی، کمیونٹی اور عالمی سطح پر پورا تبھی ہوگا جب ہم سب اس میں اپنے حصے کا کردار بخوبی نبھائیں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستانی قوم بھی عالمی یوم امن پر اپنے اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ بین الاقوامی امن کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے اور اس ضمن میں ہونے والی بین الاقوامی کاوشوں کی حمایت کرتے رہیں گے، کانفرنس سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، آخر میں منتظمین نے ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی کو اجرک اور ایوارڈ کا تحفہ پیش کیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے عالمی امن کانفرنس کے شرکاء کو سرٹیفکیٹ دیئی

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں