کراچی،مختلف کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار کارندے،زخمی ملزمان،ڈکیت،اسٹریٹ کرمنلزاورمنشیات فروشوں سمیت 24 ملزمان گرفتار ،

اسلحہ،منشیات اور مسروقہ سامان برآمد

منگل 22 ستمبر 2020 00:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2020ء) پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلے ودیگر کارروائیوں کے دوران لیاری گینگ وار کارندے۔زخمی ملزمان۔ڈکیت۔اسٹریٹ کرمنلز۔منشیات فروشوں سمیت 24 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ۔منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پولیس نے کارروائی کے دوران گینگ وار کارندے فراز علی عرف ڈبر کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا تعلق چنیسر گوٹھ گینگ وار گروپ سے ہے ملزم پہلے بھی جیل جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کسی بڑی واردات کی نیت سے غیرقانونی اسلحہ بیگ میں رکھ کر ملیر شفٹ کررہا تھا۔تاہم ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سہراب گوٹھ پولیس نے مقابلے کے بعد دو ملزمان اسماعیل اور فیروز کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

(جاری ہے)

فیروز آباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گروہ کارندوں عقیل۔یاسر اور کامران کو گرفتار کرکے قبضے سے اسلحہ اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔ سعید آباد پولیس نے دو ملزمان عمر اور الیاس کو گرفتار کرکے اسلحی برآمد کرلیا۔ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو ملزمان محمد علی اور محمد عرفان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

جیکسن پولیس نے منشیات فروش محمد رمضان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔کلاکوٹ پولیس نے ملزم عبدالوہاب کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران دو گینگ وار کارندوں کبیر احمد حصام کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ شرافی گوٹھ پولیس نے نجی کمپنی کے لاکرز توڑ کر رقم لے کر فرار ہونے والے ملزمان میں سے ایک ملزم حاجن کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کے ساتھی مراد کی تلاش جاری ہے۔

ایک اور کارروائی میں پولیس نے گٹکا فروش حنیف کو گرفتار کرکے مضر صحت گٹکا برآمد کرلیا۔ نیپئر پولیس نے چار ملزمان شایان۔سعیدالرحمن۔محمد سلمان اور محمد سلیمان کو گرفتار کرکے اسلحہ۔منشیات اور چوری شدہ موٹر سائیکل برآمد کرلی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی۔موٹر سائیکل لفٹنگ اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ سائٹ اے پولیس نے پرائز بانڈز چھین کر فرار ہونے والے ملزمان میں سے ایک ملزم علی شیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے مسروقہ بانڈز برآمد کرلئے۔ ایک اور کارروائی میں منشیات فروشوں ظاہر شاہ اور اجمل خان اور محمد رحیم کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرکے ایک رکشہ تحویل میں لے لیا۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں