نئی امتحانی پالیسی درست نتائج کی طرف مثبت قدم ہے،شاہد قریشی

امتحانی جانچ پڑتال کا خودکار نظام طلباء کی امیدوں کی درست ترجمانی ہے،پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن

بدھ 30 ستمبر 2020 01:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز منیجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین شاہد قریشی ،سینئر وائس چیئرمین فراز خان اورجوائنٹ سیکریٹری اکرام قریشی نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت کثیر الامتحانی سوالات کی چیکنگ کے نئے خودکار نظام اورماڈل پرچہ جات کی تیاری سمیت پروموٹ شدہ طلباء کی مارک شیٹ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جاری کرنے کے حالیہ اقدامات کا بھرپور اور پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی سوالات کی جانچ پڑتال کا خودکار نظام نجی تعلیمی اداروں اور طلباء کی دیرینہ امیدوں کی درست ترجمانی ہے جس سے امتحانی جانچ کے ابہام اور غلط چیکنگ کی نفی ہوگی اور نتائج کی درستگی کے عمل کو تقویت ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے جاری روایتی امتحانی عمل،نتائج اور نقل مافیا کی سرگرمیوں کے باعث نظام تعلیم تنقید اور شکایات کی زد میں رہا ہے اور تعلیمی اداروں سمیت طلباء نتائج سے عدم اطمینان کا اظہار کرتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایسے میں خودکار جانچ پڑتال کا نظام ،ہمارے تعلیمی نظام میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔شاہد قریشی نے مزید کہا کہ میٹرک بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار چیکنگ کاخودکار نظام متعارف کروانا خوش آئند اور نظام تعلیم کی درستگی،پختگی اور جدید خطوط کی طرف مثبت قدم ہے جس کو بھرپور پزیرائی ملنی چاہئے۔

انہوں نے پروموٹ شدہ طلباء کی مارک شیٹ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں جاری کرنے کے اعلان کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کی سرپرستی و سربراہی میں بننے والی میٹرک بورڈ کی نئی امتحانی پالیسی کی بھرپور تائید کرتے ہیں،انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے اول روز ہی سے بورڈ کے استحکام اور تعلیمی نتائج کی درستگی اور طلباء کو سہولیات بہم پہنچانے کے لئے بھرپور کوششیں کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں