مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، لاک ڈاون اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف امریکی تنظیم فرینڈز آف کشمیر اور ورلڈ کشمیر فورم کا عالمی سطح پر مشترکہ جدوجہد کرنے کا اعلان

جمعرات 1 اکتوبر 2020 00:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اکتوبر2020ء) ورلڈ کشمیر فورم کے چیئرمین معروف کاروباری و سماجی شخصیت حاجی رفیق پردیسی اور جنرل سیکریٹری سابق اٹارنی جنرل پاکستان جسٹس ریٹائرڈ انور منصور خان کی جانب سے امریکہ سے پاکستان کے دورے پر آئی چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر شاعرہ و دانشور غزالہ حبیب کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے غزالہ حبیب نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے وہ ورلڈ کشمیر فورم کے ساتھ مل کر اس جدوجہد کو مزید تیز کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے، اب بھی وقت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے فوری عملی اقدام کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا منصوبہ ہے کہ وہ اپنے کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ وادی میں اتنی ہندو آبادی منتقل کردے کہ کشمیری اقلیت میں آجائیں اور پھر وہ استصواب رائے کرادے۔

(جاری ہے)

ایسا کشمیریوں کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر پر قراردادوں پر فوری عملدرآمد کرایا جائے۔ غزالہ حبیب نے ورلڈ کشمیر فورم کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ورلڈ کشمیر فورم حاجی رفیق پردیسی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ جدوجہد مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔

مزید محنت کی ضرورت ہے۔ فورم کے سیکریٹری جنرل سابق اٹارنی جنرل پاکستان جسٹس ریٹائرڈ انور منصور خان نے کہا کہ وہ فرینڈز آف کشمیر کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو اب عالمی سطح پر لے کر جائیں گے۔ عشائیے میں ورلڈ کشمیر فورم کے جوائنٹ سیکریٹری راشد عالم، رفیق سلیمان، معروف فیشن ڈیزائنر ندیم معاذ جی، اسٹار مارکیٹنگ کے محمود احمد خان، سینئر صحافی امین یوسف، آصف شیخ، اختر شاہین رند، علیم نواب خان، ضیا قریشی، ادیب و شاعر اویس ادیب انصاری، کشمیری رہنما سردار مقبول زمان، حسنین پردیسی، عمیر پردیسی، شاہد رسول، ماہر تعلیم منصور قادری اور دیگر بھی شریک تھے۔

تقریب کے دوران ورلڈ کشمیر فورم کی جانب سے غزالہ حبیب کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر نے بھی اپنی حالیہ تصنیف حاجی رفیق پردیسی اور انور منصور خان کو پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں