آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت نے 17 نومبر کے دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے دورے شروع کردیئے

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ کے جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت نے کہا ہے کہ تنخواہوں، پنشن کی ٹریژری سے براہ راست ادائیگی اور صوبائی ملازمین کے برابر بلدیاتی ملازمین کو مراعات دلوانے کی جدوجہد مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں 17 نومبر کو کراچی میں تاریخی دھرنا دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں 3 اکتوبر کو حیدرآباد ورکرز کنونشن، 15 اکتوبر کو سکھر ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ 27 اکتوبر کو شہید بے نظیرآباد ڈویژن ورکرز کنونشن نوشہروفیروز میں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آج ٹنڈو الہ یار اور میرپورخاص کے دورے کے موقع پر خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ حیدرآباد ڈویژن کے صدر علی اکبر بروہی، چیئرمین ذاکر حسین رضوی بھی تھے جبکہ ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹیپہنچنے پر ان کا یونین رہنمائوںجلیل بلوچ اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات عاشق علی زرداری نے استقبال کیا۔

اس موقع پر یونین رہنمائوں نے اکرم راجپوت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ میرپورخاص میونسپل کمیٹی پہنچنے پر یونین سی بی اے کے جنرل سیکریٹر بابر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں میرپورخاص ڈویژن میں ورکرز کنونشن کروانے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اکرم راجپوت نے ٹنڈوجام میونسپل کمیٹی کے ملازم معشوق کاتیار کو تنخواہ نہ ملنے پر خودکشی کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں یونین ایڈمنسٹریٹر، چیف میونسپل آفیسر اور اکائونٹس آفیسر کیخلاف ایف آئی آر درج کروائے۔

فیڈریشن ان کی مکمل حمایت کرے گی۔ بعد ازاں انہوں نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں صدر سی بی اے غلام محمد قریشی کے ہمراہ میونسپل کارپوریشن آفس میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میونسپل کمشنر کی تقرری نہ ہونے پر سخت احتجاج کیا اور زبردست نعرے بازی کی گئی۔ آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے صوبائی صدر سید ذوالفقار شاہ نے اکرم راجپوت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دیگر رہنمائوں کو ہدایت دی کہ وہ 17 نومبر کے دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے بلدیاتی اداروں کے دورے کریں اور ملازمین کو فیڈریشن کے پروگرام سے آگاہ کریں۔ جبکہ فیڈریشن صوبائی فنانس سیکریٹری قلندر بخش شاہانی تین روزہ دورے کے بعد کراچی سے واپس لاڑکانہ روانہ ہوگئے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں