بلدیہ غربی میں سولڈ ویسٹ کا فرنٹ اینڈ کلیکشن کاموں کا آغاز غیرقانونی اور واٹر کمیشن کے حکم کی خلاف ورزی ہے، سید ذوالفقار شاہ

بدھ 21 اکتوبر 2020 23:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کے صدر سید ذوالفقار شاہ، جنرل سیکریٹری ملک نواز ، بلدیہ غربی کے رہنمائوں راجہ عاصم شہزاد، منظور تنولی، حاجی عبدالکریم، شکور تنولی، شریف خان، ہارون حسن اور دیگر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر قائم واٹر کمیشن نے 5 بار وارننگ کے بعد بھی صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر نہ بنانے پر چائنیز کمپنی کا بلدیہ غربی میں کنٹریکٹ ختم کردیا تھا لیکن سابق سیکریٹری بلدیات نے اختیار نہ ہوتے ہوئے چائنیز کمپنی کو آر بی ٹیشن کے عمل کے تحت دوبارہ کام کرنے کی اجازت دی۔

چائنیز کمپنی نے اب تین ماہ اجازت ملنے کے بعد گزشتہ روز فرنٹ اینڈ کلیکشن کے کاموں کا آغاز صفائی مہم کی آڑ میں شروع کردیا۔

(جاری ہے)

اسی بلیک لسٹ چائنیز کمپنی کے دوبارہ کام شروع کرنے کا عمل توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے بعد آربیٹیشن کے عمل کی سیکریٹری بلدیات کو کس نے اجازت دی یا یہ اختیار انہوں نے کس طرح شروع کیا۔

ایک ایسی کمپنی کو دوبارہ ٹھیکہ دینا کہ جس نے عدالتی احکامات کو پیروں تلے روند ڈالا۔ اور اپنے صفائی کے معیار کو درست نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ انتظامیہ نے صفائی مہم کی آڑ میں اس کمپنی سے دوبارہ کام شروع کروایا ہے جس نے بلدیہ غربی کی مشینری کو ناکارہ بناکر ورکشاپوں کی زینت بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب صوبائی حکومت کیماڑی کو ضلع بنانے کا اعلان کرچکی ہے۔

وہاں میونسپل کمشنر کا تقرر بھی ہوچکا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کا تقرر نہ ہونے کے باعث ضلع کیماڑی کی میونسپل کارپوریشن عملاً غیرفعال ہوگئی ہے۔ یہ عمل خود حکومت سندھ کی نااہلی کو ثابت کررہا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان سے واٹر کمیشن کے احکامات کے منافی دوبارہ بلیک لسٹ چائنیز کمپنی کو صفائی مہم کی آڑ میں کام کی اجازت دینے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں