کراچی میں میلا د النبی کا مرکزی جلوس 12 ربیع الاول کو نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا،جما عت اہلسنّت پاکستان

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میلا د النبی کا مرکزی جلوس جمعہ 12 ربیع الاول1442 ھ بمطابق30 اکتوبر2020ء 3بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے راستے نشتر پارک پہنچے گا۔

انہوں نے کہاکہ جشن عید میلاد النبیﷺ امت مسلمہ کا اپنے نبی کریمﷺ سے والہانہ وابستگی عقیدت اور عہدکے اظہار کا نام ہے۔عاشقان مصطفی ﷺماہ ربیع الاول میں ہر قسم کے خطرات کی موجودگی اور نشتر پارک بم دھماکے کے دردناک سانحہ کے باوجود جس جو ش و جذبے سے محا فل اور جلو س میں شریک ہو تے ہیں اس کی مثا ل تمام مذاہب عالم کے ما ننے والے پیش کر نے سے قاصر ہیں۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں حاجی حنیف طیب،مولانا ابرار احمد رحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری، علامہ نسیم احمد صدیقی،،مولانا سید عبد القادر شیرازی،سید رفیق شاہ،قاضی نو ر الاسلام،مولانا بلال قادری،مولانا الطاف قادری، جاوید قادری،غفران احمد،جمیل امینی بھی موجود تھے۔پریس کانفرنس میں قائدین نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے جن علاقوں سے جلوس برآمد ہوں گے وہاں امن وامان کی صورتحال سے متعلق تمام امور حسب سابق رکھے جائیں۔

بیرونی تخریب کاری پر بھی نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔کمشتر کراچی اور تمام اضلاع کے کنٹرول روم میں ذمہ دار حضرات کی 24گھنٹے موجودگی بے حد ضروری ہے تاکہ بروقت کسی بھی ہنگامی صورت حال سے آگاہ کرنے میں مدد ملے۔جلوسوں اور جلسے کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی درستگی اور ان کے ذریعے نگرانی بے حد ضروری ہے۔جما عت اہلسنّت نے ارباب حکومت ایڈیشنل آئی جی،کمشنرکراچی تمام ڈپٹی کمشنر ز اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو آگاہ کردیا ہے تاہم صفائی ستھرائی سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی پر کام نہ ہونے کے برابر ہے۔

جما عت اہلسنّت کراچی کے الیکٹرک کے ذمہ داران سے مطالبہ کر تی ہے کہ میلاد النبیﷺ کے جلوسوں اورجلسوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں اورکسی بھی غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل نظام تیار رکھا جائے۔ جما عت اہلسنّت کے رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ غریب عوام پر رحم کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے اقدامات کرے موجودہ حکومت نے انتخابات میں وعدے تو بہت کیے تھے لیکن نتیجہ بالکل صفر ہے،دعویٰ ریاست مدینہ کا ہے لیکن اس نام کی لاج نہیں رکھی جا رہی۔

مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے حکومت کو چاہیے کہ عوام کی بھلائی کیلئے اقدامات کرے جس کے لئے انہیں ووٹ دیے گئے۔ موجودہ حالات میں ریاست اور ملک بچانے کیلئے اس وطن اور عوام کو نظریہ پاکستان کے حقیقی مقصد یعنی صرف اور صرف نظام مصطفی کی ضرورت ہے یہی وہ واحد راستہ ہے جسے اختیار کرنے سے ہم اپنے وطن پاکستان کو مضبوط مستحکم اور محفوظ بنا سکتے ہیں۔

رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل ہے کہ میلاد النبی کے احترام میں اپنے احتجاجی پروگرام بارہ ربیع الاول تک مؤخر کر دیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی ملک کو عدم استحکام کرنے کی سازش لگتی ہے،صحابہ کرام و اہل ِ بیت اطہار کی اہانت کے واقعات شدید دل آزاری کا سبب، ایسے واقعات کی روک تھام اور تدارک کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔

ملک میں بڑھتے ہوئے بچوں، لڑکیوں کے اغوا،زیادتی اور قتل کے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں، مسلم معاشرے میں جنسی زیادتی کے دلسوز واقعات انتہائی شرمناک اور معاشرتی گراوٹ کی بد ترین مثال ہیں۔ حکومت ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے فوری طور پر ایسی قانون سازی کرے کہ زیادتی کے مجرموں کوسرِ عام پھانسی دے کر نشان ِعبرت بنایا جائے تاکہ کسی کو ایسے قبیح جرم کے ارتکاب کی جرات نہ ہو سکے۔جماعت اہلسنّت الیکٹرونک میڈیاسے اپیل کرتی ہے کہ میلاد النبی کی مناسبت سے محافل نعت، محافل حسن قرات اور اسوہ رسول ﷺ سے متعلق خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں