وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کاصحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس ، آئی جی کو ٹیلیفون ، پیشرفت رپورٹ مانگ لی

علی عمران گزشتہ شام گھر سے نکلے تھے اور تب سے لاپتہ ہیں، وہ سچل کے علاقے میں واقع گھر سے قریبی بیکری گئے تھے مگر واپس نہیں آئے،بھائی طالب رضوی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ نے نجی ٹی وی کے رپورٹر علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں بتایا کہ مراد علی شاہ نے علی عمران کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر آئی جی سندھ سے تفتیش سے متعلق گفتگو کی ہے۔مرتضی وباب نے کہا کہ علی عمران کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی۔

وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور علی عمران کو فوری بازیاب کروائے جانے کے حوالے سے بات چیت کی۔مراد علی شاہ نے آئی جی ہدایت کی کہ مجھے ہرگھنٹے علی عمران سے متعلق پیش رفت رپورٹ چاہیے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے ایم ڈی جیو اظہر عباس کو بھی ٹیلی فون کیا اور کہا کہ آپ اطمینان رکھیں انشا اللہ ہم علی عمران کو بازیاب کرائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میںنجی ٹی وی کے سینئر رپورٹر علی عمران سید جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔بھائی طالب رضوی نے بتایاکہ علی عمران سید گزشتہ روز شام 7 سے 8 کے درمیان گھر سے نکلے تھے اور تب سے لاپتہ ہیں، وہ سچل کے علاقے میں واقع گھر سے قریبی بیکری گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔مسز علی عمران سید نے بتایاکہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ کی درخواست موصول ہوگئی ہے، جائے وقوعہ کا معائنہ اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں