کراچی میں دسمبر تک بارش کا امکان نہیں،صبح اور رات کو سردی اور دن قدرے گرم ہوں گے، محکمہ موسمیات

موسم خشک رہنے کے باعث آلودگی بڑھے گی، اسموگ بھی زیادہ ہوگی ، جبکہ دسمبر میں بارش کے بعد اس صورتحال میں بہتری کا امکان

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ کراچی سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں دسمبر تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم صبح اور رات کو سردی اور دن قدرے گرم ہوں گے۔ترجمان محکمہ موسمیات خالد محمود نے خبردار کیا ہے کہ موسم خشک رہنے کے باعث آلودگی بڑھے گی، اسموگ بھی زیادہ ہوگی ، جبکہ دسمبر میں بارش کے بعد اس صورتحال میں بہتری کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے باقی دنوں اور نومبر بھر میں ملک کے زیادہ تر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ترجمان نے بتایاکہ ڈرائی سپیل میں ٹمپریچر ڈراپ نہیں ہوتا، آہستہ آہستہ کم ہوتا ہے اور وہ ہورہا ہے، بارشیں اکتوبر کے بقیہ دنوں میں اور نومبر میں بھی بارشیں نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث خشکی اور آلودگی بڑھ رہی ہے، اسموگ بھی زیادہ ہوگی، ایسے موسم میں نزلہ، زکام، کھانسی سمیت کئی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات نے بتایاکہ ڈرائی اسپیل میں اسموگ بڑھ جائے گی، جس میں دھند اور ڈسٹ پارٹیکلز، کاربن پارٹیکلز فضا میں رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ نومبر میں شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، تاہم برف باری یا طوفانی بارشیں نہیں ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں