ریلوے ایمپلائزیونین سی بی اے کے وفدکی سی ای او ریلوے نثار احمد میمن سے ملاقات، مسائل پر گفتگو

سی ای او نے پی ایم پیکج کے ملازمین کی دسمبر تک منظوری دی اور دسمبر کے بعد دو سال کی منظوری کا یقین دلایا

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 14:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) پاکستان ریلوے ایمپلائز(پریم)یونین سی بی اے کے مرکزی سیکرٹری جنرل اشتیاق احمد آسی کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹر میں سی ای او ریلوے نثار احمد میمن سے ملاقات کی اور ریلوے کے موجودہ حالات اور مزدوروں کے دیرینہ مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں اس وقت ملازمین کی تعداد 50 فیصد کم ہونے کے باوجود ریل کا مزدور اپنے خون پسینے کی پرواہ کیئے بغیر محنت اور لگن سے ریل کے پہیئے کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے جبکہ آئندہ سال میں ملازمین کی ایک بڑی تعداد اپنی سروس مکمل ہونے پر ریٹائرمنٹ حاصل کرنے والے ہیں جس سے مزدور ذہنی دبائو کا شکار ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے میں کلاس فور کی مستقل ملازمت کی بھرتی کی اشد ضرورت ہے اورٹی ایل اے ملازمین اور وزیراعظم پیکج کے تحت بھرتی کیئے گیئے ملازمین کو بھی فوری مستقل کیا جائے کیونکہ انہیں ادارے میں 8 سے 10 سال کام کرنے کا تجربہ ہوچکا ہے اور ریل کے ٹیکنیکل اسٹاف کو ملنے والا ٹیکنکل الائونس 2017 سے لاگو کیا جائے۔

(جاری ہے)

اورٹی ایل اے کے ملازمین کی تنخواہ تمام ڈویژنوں میں برابر کی جائیںکیونکہ کسی ڈویژن میں 13000 کسی میں 15000 اور کسی میں 18000 ہے ان کو برابر کیا جائے۔

انہوں نے کلاس فور کے ملازمین کی اپ گرڈیشن پر بھی زور دیا جس پرای ای اونثارمیمن نے سفارشات کی مکمل یقین دہانی کرائی اور پی ایم پیکج کے ملازمین کی دسمبر تک منظوری دی اور دسمبر کے بعد دو سال کی منظوری کا یقین دلایا اور جو ٹرینیں بند ہیں ان کے لئے کہا کہ جیسے جیسے کوچین ملتی جائیں گی بند ٹرین بحال کرتے جائیں گے۔ اس موقع پر مرکزی صدر سیداقبال شاہ، پرویز خان، اللہ یار بلوچ، واثق خان، ایم ایم دین اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں