ایڈمنسٹریٹرسائوتھ ارشاد علی سوڈھرکا پولیو کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 22:34

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2020ء) : ڈپٹی کمشنر وایڈمنسٹریٹرسائوتھ ارشاد علی سوڈھر نے کہاہے کہ صحت مند بچے ایک کامیاب قوم کی تشکیل کیلئے لازم جزہیں، بدقسمتی سے ملک میں تواتر کے ساتھ پولیوکے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بچوں کی صحت کو سنگین خطرات درپیش ہیں، پولیو سے بچائوکے قطرے پلا کرہی اس بیماری سے بچوں کومحفوظ رکھا جاسکتا ہے، یہ صورتحال ہمارے لئے ایک چیلنج ہے اور اس نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پرہرممکن اقدامات کریں گے۔

ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اس موذی کے سدباب کی آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایڈمنسٹریٹر ارشاد علی سوڈھر نے کہاکہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو عمربھرکیلئے معذوری کا باعث بن سکتی ہے عوام میں مناسب آگاہی فراہم کرکے محض دو قطرے دوا سے اس بڑے نقصان سے بچا جاسکتاہے، پولیو کیخلاف مہم میں کامیابی کیلئے ضروری ہے، علاقہ معززین اور پولیس کے ساتھ مل کرحکمت عملی ترتیب دی جائے تاکہ جہاں پولیوکے قطرے پلانے میں مزاحمت کا سامنا ہو اس کا تدارک کیاجاسکے کیونکہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بھی پانچ سال تک کی عمرکابچہ پولیوویکسین پینے سے محروم نہ رہے، اس ضمن میں سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ غیرسرکاری تنظیموں کا بھی فرض ہے کہ وہ پولیو سے بچائو کی آگاہی مہم کوکامیاب بنانے کیلئے اپنابھرپورکرداراداکریں، بلدیہ جنوبی کی انتظامیہ ہر سطح پر اپناکردار بھرپورطریقے سے اداکر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈمنسٹریٹر ارشاد علی سوڈھر نے اس عزم کااظہار کیاکہ مفادعامہ کی خاطر پولیو سے بچائوکی ہرمہم کو مشترکہ جدوجہد کرکے کامیاب بنائیں گے، اس سلسلے میں پولیو سے بچائوکی آگاہی فراہم کرنے کیلئے مختلف مقامات پر بینرزآویزاں جبکہ پوسٹرز وہینڈبلزکی تقسیم کے ساتھ ساتھ مساجدسے اعلانات بھی کرائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں