حقوق کراچی ریفرنڈم میں عوام کے غیر معمولی اعتماد پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،حافظ نعیم الرحمن

واضح ہو گیا کہ مشترکہ مسائل پر پورا شہر یکسو اور ایک پیج پر ہے ، رائے عامہ کی طاقت سے مسائل کے حل کی تحریک چلائیں گے ریفرنڈم میں 9.5ملین بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے ، 77.4فیصد واپس آئے جن میں سے 98.6فیصد نے ہاں میں رائے دی ،امیرجماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 24 اکتوبر 2020 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2020ء) جماعت اسلامی کے تحت ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کے سلسلے میں 16اکتوبر تا 21اکتوبر شہر بھر میں ہونے والے حقوق کراچی ریفرنڈم کے لیے تشکیل دیئے گئے کمیشن کے سیکریٹری قمر عثمان کی جانب سے ریفرنڈم کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ جس کے مطابق ریفرنڈم کے لیے جاری کیے جانے والے بیلٹ پیپرز میں سے 77.4فیصد بیلٹ پیپرز واپس آئے ہیں جن میں سے 98.6فیصد افراد نے نے ہاں میں رائے دی ہے ۔

بقیہ ووٹ مسترد اور مخالفت میں آئے جبکہ آن لائین اور واٹس ایپ کے ذریعے بھی تقریباً ساڑھے آٹھ لاکھ افراد نے بھی ووٹ کاسٹ کیے اور 99فیصد نے مطالبات کے حق میں رائے دی ۔کراچی ریفرنڈم میں شرکت کرنے والے 98فیصد سے زائد رائے دہندگان نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو با اختیار شہری حکومت دی جائے۔

(جاری ہے)

کوٹہ سسٹم ختم کیا جائے، نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دی جائے، مردم شماری دوبارہ کرائی جائے، کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لے کر 15سال کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے،کراچی کو بین الاقوامی طرز کا ٹرانسپورٹ کا نظام، تعلیم، صحت، پانی، سیوریج، اسپورٹس اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا مربوط نظام فراہم کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے حقوق کراچی ریفرنڈم کے حتمی نتائج کے حوالے سے کہا ہے کہ ریفرنڈم واضح ہو گیا ہے کہ پورا شہر کراچی مشترکہ مسائل کے حوالے سے یکسو اور ایک پیج پر ہے ۔ شہر کے اندر لسانی یا دیگر کسی قسم کی کوئی تقسیم نہیں ہے پورا شہر مشترکہ مسائل پر متفق ہے اور اس نے جماعت اسلامی پر اعتماد کرتے ہوئے توقعات وابستہ کی ہیں جس پر اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ عوام کے غیر معمولی اعتماد پر پورا اتریں گے۔ رائے عامہ کی اس طاقت سے شہر کے گھمبیر مسائل حل کرنے کی تحریک کا آغاز کریں گے ۔ 27ستمبر کو اس سلسلے میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں