ناموس رسول ﷺ کے تحفظ پر ہمارے حکمرانوں کو سانپ سونگھ جاتا ہے،آفاق احمد

مسلم امہ کی کمزوری نے آج یہ دن دکھایا کہ ہم دین اسلام کا مذاق اڑانے اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے سے قاصر ہیں،چیئرمین ایم کیو ایم

پیر 26 اکتوبر 2020 23:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اکتوبر2020ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی دوبارہ اشاعت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کی کمزوری نے آج یہ دن دکھایا کہ ہم دین اسلام کا مذاق اڑانے اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے سے قاصر ہیں ۔ آفاق احمد نے کہا کہ دنیا جس آزادئی اظہار کا شور مچاتی ہے وہ ڈھکوسلہ ہے ، برطانیہ میں اگر ملکہ کی توہین پر سزا دی جاتی ہے ، یورپ میں ہولو کاسٹ کی مخالفت کرنے والوں کو گرفتار کیا جاسکتا ہے تو پھر اظہار کی آزادی کہاں رہی ۔

آفاق احمد نے کہا کہ یہ وہ مرگ ضعیفی ہے جس کی سزا آج پوری مسلم امہ کو مل رہی ہے ،اسوقت ترکی کے سوا کوئی ایسا ملک نظر نہیں آتا جو حضور ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کی جانب سے فرانسیسی اشتعال انگیزی کے جواب میں ڈھیلی ڈھالی مذمت اس بات کا ثبوت ہے کہ حکمرانوں کا قبلہ شاید کہیں اور ہے ، ہم مسلم دنیا میں قائدانہ کردار کے متمنی تو رہتے ہیں لیکن جہاں بات ناموس رسول ﷺ کے تحفظ کی آتی ہے تو ببانگ دہل جواب دینے کی بجائے ہمارے حکمرانوں کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ موجودہ یونی پولر دنیا میں وہی ممالک مضبوط ہیں جن کی درآمدات کم اور برآمدات زیادہ ہیں اوریہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ مسلم دنیا کا بیشتر انحصار مغربی ممالک کی مصنوعات پر ہے یعنی مسلمان اچھے آجر ہیں تاجر نہیں جس کی وجہ سے ڈیڑھ ارب مسلمان مغربی ممالک کے رحم و کرم پر ہیں اور اسی وجہ سے انہیں خباثت کا موقع ملتا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرانس نے جو ناپاک جسارت کی وہ کسی طور قبول نہیں کی جاسکتی ، حکمران ادھر ادھر سہارے تلاش کرنے کی بجائے اسلام سے اپنا رشتہ مضبوط بنائیں اور دبی دبی اظہار مذمت کی بجائے واضح اور دوٹوک موقف کو اپناتے ہوئے فرانسیسی صدر کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر احتجاج کیا جائے اسکے علاوہ فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ سمیت تمام تر آپشن استعمال کئے جائیں کیونکہ ہمارے نزدیک ناموس رسالتﷺ سے اہم کچھ بھی نہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں