کائنات کی تخلیق کا موجب ذات پاک مصطفیؐ ہے جشن میلاد النبی ؐ منانا اجرو ثواب کا باعث ہے،مفتی وسیم ضیائی

اللہ تعالیٰ نے مقام مصطفی ؐ کو ایسے ممتا فرمایا کہ قیامت تک نبوت کا دروازہ آپ ؐ کے حق میں بند کردیا،مولانا اظہر قادری برکاتی فائونڈیشن کے تحت جشن عید میلاد النبی ریلی میںمولانا اقبال قادری،مولانا شاہجہاں ،مولانا طاہر قادری ،مولانا جاوید عثمانی کی خصوصی شرکت

پیر 26 اکتوبر 2020 23:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) کائنات کی تخلیق کا موجب ذات پاک مصطفیؐ ہے رب العالمین کو اگر تخلیق رحمت العالمین مقصود نہ ہوتی تو کائنات کی وسعتیں زندگی کی لذتوں سے آشنا نہ ہو پاتیں ان خیالات کا اظہار مدارس البرکات کے ناظم اعلی رونق اہلسنت مفتی وسیم ضیائی نے نیو کراچی میں جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں نکلنے والی میلاد النبی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ جس نبیؐ کی تعلیمات نے عرب و عجم کے صحرا نشینوں کو معراج انسانیت کے قابل فخر مقام پر فائز کیا اس نبی ؐ کی تعلیمات اخلاقی و معاشرتی طور پر تباہ حال دنیا کی تعمیر و ترقی کیلئے آج بھی نسخہ کیمیا کا درجہ رکھتی ہیں مفتی وسیم ضیائی نے کہا جو لوگ مصطفوی تعلیمات کو چھوڑ کر یورپ کی اندھی تقلید میں سر گرداں ہیں تباہی و بربادی ان کا مقدر بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ بنی نوع انسان کی فوز و فلاح کے تمام راستے آج بھی صرف رسول اللہ ؐ کی اسوہ حسنہ کی روشنی میں تلاش کئے جاسکتے ہیں مفتی وسیم ضیائی نے مزید کہا کہ سینہ مصطفیؐ پر اترنے والا قرآن قیامت تک کیلئے سر چشمہ ہدایت اور ضابطہ زندگی و بندگی ہے اس موقع پر ضلعی ناظم مولانا اظہر قادری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مقام مصطفی ؐ کو ایسے ممتاز فرمایا کہ قیامت تک نبوت کا دروازہ آپ ؐ کے حق میں بند کردیا جب تک قوم عظمت مصطفی کے اقرار میں اپنا تعلق نظام مصطفیؐ کی جدو جہد سے رکھا ہمارے شہروں میں مثالی بھائی چارگی محبت و اخوت کے مظاہرے دیکھے جاتے تھے لیکن جب قوم نے اپنی بنیاد لسانیت پر رکھنے کی کوشش کی شہر بد امنی اور بربادی کا شکار ہوا انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں پھر سے تعلیمات رسولؐ کی روشنی میں انقلاب برپا کرے تاکہ ہمارا شہر دوبارہ امن و آشتی کا گہوارہ بن کر ترقیاں اور کامیابیاں حاصل کرے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا اقبال قادری،مولانا شاہجہاں ،مولانا طاہر قادری ،مولانا جاوید عثمانی ، علامہ احمد سعید،مولانا محمد شفیع اور مولانا بدیع الرحمن بھی موجود تھے۔جبکہ سیکورٹی کے فرائض شاہ غازی اسکائوٹ کے محمد طاہر سربراہی میں ادا کئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں