مفتی محمدبشیرالقادری جے یوپی کے جلوس عید میلادالنبی کی قیادت کریں گے

منگل 27 اکتوبر 2020 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں زورشورسے جاری ہیں، شہربھرسے جلوس عیدمیلادالنبی ﷺ نکلیں گے،شاہراہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے ،گلیوں محلوں اور مین شاہراہوں پرچراغاںاور سجاوٹ کااہتمام کیاجارہاہے۔ جمعیت علمائے پاکستان کے زیراہتمام بارہ ربیع الاول کو تمام علاقوں سے جلوس عید میلادالنبی ﷺ مرکزی رہنمائوں اور علماء ومشائخ کی قیادت میںروایتی گزرگاہوں سے ہوتے ہوئے واپس اپنے اپنے مرکز پہنچیں گے،اورنگی ٹائون سے مفتی محمدبشیرالقادری نورانی، کورنگی ٹائون سے علامہ خلیل احمدنورانی، لانڈھی ٹائون سے ناصرعباسی،بن قاسم کیٹل کالونی سے صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی، ملیرسے شاہد قادری، گلستان جوہر سے قاری نادر،شاہ فیصل سے نسیم احمدخان غوری، جمیل احمدخان،مہتاب نورانی،نارتھ کراچی سے حافظ انواراحمدشیخ، نیوکراچی سے قاری شمیم الدین، ضلع ویسٹ سے قاری جہانزیب ہزاروی،لیاقت آباد سے ظہیر خان نورانی،گلبرگ سے مولاناعبدالمتین نعیمی،صدر ٹائون سے عبدالوحید یونس سمیت دیگررہنمامختلف علاقوں میں جلوسوں کی قیادت کریں گے۔

(جاری ہے)

مفتی محمدبشیرالقادری نے کہاہے کہ جشن آمد مصطفیٰﷺروایتی جوش وخروش سے منائیں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کی رونقیں ملک بھرسے دوبالاہوتی ہیں،اس بار بھی کراچی کے عشاقان رسول جشن ولادت باسعادت کی تاریخ رقم کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ فرانس کے زبانی کلامی نہیں باقاعدہ بائیکاٹ سے اس کی عقل ٹھکانے آئے گی،غیرت ایمانی کا تقاضہ ہے کہ کوئی بھی مسلمان فرانس کی مصنوعات ہر گز نہ خریدے نہ استعمال کرے۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کی ناموس پر مرمٹناہم اپنے لئے سعادت سمجھتے ہیں،پاکستانی حکمران اسلامی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کریں اور عالمی سطح پر پرزوراحتجاج ریکارڈ کرائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں