کٹھ پتلی حکومت میںدینی درسگاہیں بھی غیر محفوظ ہو گئیں،جے یو آئی کراچی

منگل 27 اکتوبر 2020 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2020ء) جمعیت علماء اسلام ضلع غربی کراچی کے امیرو سابق صوبائی پارلیمانی لیڈر مولانا عمرصادق، جنرل سیکریٹری مولانافخرالدین رازی ، مولانا شیرین محمد ، مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن خان،نیک امان اللہ مسعود، حافظ حبیب الرحمن خاطر ،انجینئرثناء اللہ شنواری اور دیگر نے جامعہ زبیریہ سپین جماعت دیر کالونی پشاورمیں ہونیوالے بم دھماکہ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم طلباء کی شہادت پر دلی دکھ ہے، دہشت گردوں نے سفاکیت اور حکمرانوں نے نااہلیت کا روایتی مظاہرہ کیا، کٹھ پتلی حکومت میںدینی درسگاہیں بھی غیر محفوظ ہو گئیں، قیمتی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار نا اہل حکمران ہیں، بزدل دہشتگردوں نے ایک بار پھر نہتے اور معصوم طلباء کو نشانہ بنایا ہے، دہشت گردی کے واقعہ سے حکمرانوں کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے فول پروف انتظامات کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں، کراچی میں ڈاکٹرعادل خان کی شہادت،کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے کے موقع پر بم دھماکہ کے بعد اب پشاور میں دھماکہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع حکمرانوں کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے، انہوں نے شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے،مولانا عمرصادق نے کہا کہ ہم پشاور دہشت گردی میں جاں بحق ہونیوالے متاثرہ خاندانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں،جے یو آئی ضلع غربی کے جملہ کارکن اور عہدیداران غم کی اس گھڑی میں سوگوارخاندانوںکے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں