کروناکے چکر میں کسی لاک ڈائون کو قبول نہیں کریں گے، امدادحسین زاہد

ماہ مبارک میں عوام اہلسنّت محافل میلاد،نعت خوانی، ریلیاں اور مرکزی سطح پر جشن عید میلادالنبی ؐ کے جلوس کا اہتمام کرتے ہیں

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) پاکستان امن کونسل کے مرکزی چیئرمین وجمعیت علمائے پاکستان سندھ کی شوریٰ کے رکن امدادحسین زاہداسدی نے کہاہے کہ ربیع الاول ہم مسلمانوں کے لئے بڑااہم مہینہ ہے ،بارہ ربیع الاول کو سرکاردوعالم،خاتم الانبیاء ؐ دنیامیں تشریف لائے،اس ماہ مبارک میں عوام اہلسنّت محافل میلاد،نعت خوانی، ریلیاں اور مرکزی سطح پر جشن عید میلادالنبی ؐ کے جلوس کا اہتمام کرتے ہیں،لہٰذاہم وفاقی وصوبائی حکومت کو یہ بات باورکراناچاہتے ہیں کہ کروناکے چکر میں کسی لاک ڈائون وغیرہ کو قبول نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے فون پر گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امدادحسین زاہد نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں شیعہ سنی اور دیوبندی کا کوئی جھگڑانہیں ہے، مگر ملک دشمن طاقتیں ایک منظم سازش کے تحت فرقہ وارانہ فسادات کروانے کی کوششیں کررہے ہیں لہٰذاعلمائے اہلسنّت وقت کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اپنے خطابات میں فرقہ واریت کے خلاف آوازاٹھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ علامہ عادل خان کا قتل قابل مذمت ہے لہٰذاہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو گرفتارکیاجائے۔انہوں نے کہاکہ عوام اہلسنّت جشن عید میلادالنبی ؐ نہایت جوش وخروش اور عقیدت واحترام کے ساتھ منائیںاور اختلافی نعروں اور بیانات سے پرہیزکیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملکی مفاد میں اور فرقہ واریت کے خلاف مفتی ء اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان،علامہ ساجد علی نقوی، صاحبزادہ محمداویس نورانی، علامہ حامد علی موسوی، صاحبزادہ ڈاکٹرمحمدزبیر ،مولانافضل الرحمان،مفتی تقی عثمانی اور دیگر علماء کرام کو ایک میز پر بیٹھناہوگا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں