عید میلادالنبی ؐکے سلسلے میں بلدیہ شرقی کی جانب سے بلدیاتی اقدامات آخری مراحل میں

بدھ 28 اکتوبر 2020 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر/ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی محمد علی شاہ کی زیر قیادت ضلع شرقی میں جشن عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے بلدیاتی انتظامات آخری مراحل میں داخل، مرکزی جلوس کے راستوں اور مساجد کے اطراف بھرپور بلدیاتی اقدامات کو یقینی بنایا گیا۔ اس ضمن میں رات گئے تک روشنی کی بحالی کے حوالے سے ایکسی این ایم اینڈ ای امتیاز بھٹو کی زیر نگرانی ضلع شرقی کے مختلف علاقوں بالخصوص یونیورسٹی روڈ اور جمشید زون کے مختلف علاقوں سمیت تمام اہم شاہراہوں اور مساجد کے اطراف لائیٹس کی تنصیب و درستگی کے کام کو مکمل کیا گیا جبکہ سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے ایس ای ایسٹ بی اینڈ آر اظہر شاہ کی زیر نگرانی بی اینڈ آر کا عملہ امور کی انجام دہی دیتا رہا، اس حوالے سے کراچی ایڈمن سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کی بہتری کے اقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مین ہولز کو کور کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں جس کے تحت ڈی سی آفس کے اطراف تقریباً تمام مین ہولز کو کور کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے اشتراک سے جاری خصوصی بلدیاتی مہم میں بھی اہم شاہراہوں کی صفائی سمیت اندرونی علاقوں سے بروقت کچرا اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر محمد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ بالترتیب ضلع شرقی کے تمام علاقوں میں بلدیاتی سہولیات کا جال بچھا رہے ہیں، کوشاں ہیں کہ مقدس ماہ مبارک میں عاشقان رسول ؐ کیلئے بلدیاتی خدمات میں کسی قسم کی کوئی کمی نہ رہنے پائے،لہذا جو بھی شکایات موصول ہورہی ہیں انکا بروقت تدراک کر رہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں