پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

منگل 24 نومبر 2020 23:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت مشترکہ طور پر پاکستان میں کاروبار بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس باہمی معاہدے کے مطابق سیاحتی پیکیجز،رینٹ اے کار سروس، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت،شادی کے موقع پر خصوصی رعایتی پیکیجز، ہوائی سفر پر رعایت کی سہولت، صارفین کی سہولت کے لئے مشترکہ کانٹرز کا قیام اور لائلٹی کارڈ کی سہولیات شامل ہیں۔

پی آئی اے اور ہاشو گروپ ایئرپورٹ ہوٹل کراچی کو اپ گریڈکرنے، بہتر بنانے اور چلانے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں کرے گا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق یہ توقع ہے کہ اس مشترکہ منصوبہ سے نہ صرف اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ پاکستان میں ٹریول انڈسٹری کے دو بڑے اسٹیک ہولڈرز کے مابین ہم آہنگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، آرام دہ سفری اور رہائشی سہولیات مناسب اور رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں اس کے علاوہ اندرون ملک اور بیرون ملک سے پاکستان کے خوبصورت سیاحتی علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لئے تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اور ہاشو گروپ قدرتی شراکت دار ہیں جو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے مل جل کر کام کر رہے ہیں۔

پی آئی اے ہاشو گروپ کے ہوٹلوں میں 30 کے قریب سیل پوائنٹس قائم کرے گی۔ پی آئی اے کے دفاتر کے ذریعہ ٹکٹوں کی خریداری، دوبارہ اجرا، ادائیگی کی وصولی، کریڈٹ کارڈ کے ذریعے وصولی اور اس سے وابستہ تمام خدمات کے لئے 24 گھنٹوں کی معاونت کی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ صارفین پی آئی اے کی ویب سائٹ سے بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ مفاہمتی یاداشت کے مطابق، گوادر، بھوربن، مظفرآباد، اسلام آباد، مالم جبہ، اسکردو، گلگت، چترال اور شندور پولو فیسٹیول، بہاولپور، ملتان اور موہنجو ڈارو کے لئے ہوائی نقل و حمل،رہائشی سہولت کے پیکج وغیرہ ابتدائی طور پر پیش کیے جائیں گے۔

ہاشو گروپ اورڈیسٹینینش آف دی ورلڈ پی آئی اے مسافروں کے لئے تمام زمینی خدمات فراہم کرے گی۔ پی آئی اے اور ہاشو گروپ ہوٹلز کے لائلٹی کارڈ رکھنے والوں پی آئی اے کی ٹکٹوں اور رہائشی سہولیات میں میں خصوصی رعایت حاصل ہو گی۔ دوونوں اداروں نے مل کر فضائی کرایہ میں چھوٹ والے پیکیج تیار کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن کو ''پی آئی اے چھٹیوں '' کے نام سے لانچ کیا جائے گا اس کے علاوہ مشترکہ طور پر صارفین کی سہولت کے لئے عمرہ کی سعادت کے لئے ایک خصوصی پیکج بھی متعارف کرایا جائے گا۔

مشترکہ پیکیجز میں سیاحت کے دوسرے پیکیجز کے علاوہ سکھوں اور بدھوں کے مذہبی مقامات کے دورے بھی شامل ہوں گے۔ ٹریول ایجنٹ چھٹیوں کے مکمل پیکجوں کو DOTW / PIA سسٹم پر بک کرسکیں گے اور انھیں مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے گا۔دستخطی تقریب میں وفاقی وزیر ہوا بازی، غلام سرور خان،، سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک، چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے ائر کمو ڈور جواد ظفر، ہاشو گروپ سے چیف آپریٹنگ آفیسر، حسیب گردیزی، جنرل منیجر پاکستان طارق بن یوسف، ہیڈ کارپوریٹ کمیونی کیشنز پی آئی اے عبد اللہ حفیظ خان، پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے اعلی عہدیداران، معروف تجارتی شراکت دار اور سیاحتی برادری کے افراد بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں