شہر میں طویل عرصے کے بعد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور استرکاری کے لئے فیلڈ فورس قائم کی گئی ہے، کمشنر کراچی

بدھ 25 نومبر 2020 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ شہر میں طویل عرصے کے بعد سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور استرکاری کے لئے فیلڈ فورس قائم کی گئی ہے جو کے ایم سی کی سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کو فوری طور پر بھرے گی اور انہیں موٹر ایبل بنائے گی، ماضی میں کے ایم سی مستقل طور پر یہ کام انجام دیا کرتی تھی لیکن طویل عرصے سے یہ پریکٹس معطل تھی جسے بحال کردیا گیا ہے، یہ بات انہوں نے سڑکوں، پلوں اور فلائی اوورز کی مینٹی نینس کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت اور کارپیٹنگ کے لئے ایک بڑا ٹرک جس میں روڈ کنسٹرکشن مٹیریل اور لیبر موجود ہوگی، شہر کے مختلف علاقوں میں مسلسل سڑکوں پر رہے گا اور پڑنے والے گڑھوں کو اسی وقت بھرے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فنڈز دستیاب ہوتے ہی مزید سڑکوں کی تعمیر اور استرکاری کی جائے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت بھی نئے منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ پلوں اور فلائی اوورز کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے، غریب آباد پل، جوہر موڑ شہید میجر عدیل پل اور لیاقت آباد فلائی اوور کے ایکسپینشن جوائنٹس کی تبدیلی کے بعد اب شاہ فیصل کالونی برج کے ایکسپینشن جوائنٹس تبدیل کئے جا رہے ہیںیہ کام آئندہ دس روز میں مکمل کرلیا جائے گا، مزید پلوں اور فلائی اوورز پر بھی جہاں ضرورت ہوئی تعمیر و مرمت کا کام کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں سڑکیں اور پل انتہائی اہمیت کے حامل ہیںلہٰذا پوری کوشش ہے کہ سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنایا جائے، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے تمام کاموں کو شامل کیا جائے گا جن کے ذریعے کم سے کم وقت میں شہر کے بنیادی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے، انہوں نے ہدایت کی کہ ورکس ڈپارٹمنٹ کی فیلڈ فورس کے ایم سی کی تمام سڑکوں اور شاہراہوں کی مسلسل نگرانی کرے اور جہاں بھی سڑک اور گڑھے پڑے ہوں یا سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو اسے فوری طور پر ٹھیک کیا جائے اور اس کی رپورٹ پیش کی جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی علاقوں میں بھی سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے کیونکہ صنعتی زونز میں بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث سڑکوں کو پائیدار بنایا جانا ضروری ہے لہٰذا اس کے لئے بھی متعلقہ محکمہ مکمل سروے کرے اور اس کی روشنی میں سڑکوں کی مرمت و استرکاری کے کام کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے معیار کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعمیر کی جانے والی سڑکیں دیرپا ثابت ہوں اور شہری طویل عرصے تک ان سے مستفید ہوسکیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں