اسٹیل ملز کے ملازم حبیب الرحمن کے قتلِ ناحق کے ذمہ دار حکمران ہیں، سپریم کورٹ ایکشن لے، حبیب جان

اتوار 29 نومبر 2020 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) کراچی سٹی الائنس کے کنوینر حبیب جان نے لندن سے اپنے جاری کردہ بیان میں ملازمت سے فارغ ہونے کی خبر سن کر پاکستان اسٹیل ملز کا ملازم حبیب الرحمن رہائشی مکان نمبر B-629 پاکستان اسٹیل ٹائون کراچی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر جانے والے کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کی حکومت کو قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی دعویدار حکومت نے کابینہ کے متعدد اجلاسوں کے بعد وزریر اعظم کے مشیران ڈاکٹر عشرت حسین شہزاد اکبر سمیت دیگر گاماں پہلوانوں نے قومی میڈیا پر آکر یقین دلایا تھا کہ پاکستان اسٹیل اور قومی ائیر لائن PIA کے اضافی ملازمین کو رضا کارانہ ملازمت سے علیحدگی کی صورت میں قابلِ قبول معاوضہ دے کر ملازمت سے فارغ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لیکن آج یک جنبش قلم اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین بغیر کسی اطلاع اور بقایاجات کی ادائیگی کے فارغ کردئیے گئے۔ ریاستِ مدینہ میں تو نہر فرات کے کنارے پیاس سے مرنے والے کتے کی موت کا زمہ دار خلیفہ وقت اپنے آپ کو سمجھتا تھا۔ آج اسٹیل مل سے برطرفی کے صدمے سے انتقال کر جانے والے ملازم حبیب الرحمن کی موت کی ذمہ داری حکمران جماعت پر عائد ہوتی ہے اور ہم سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اسٹیل ملز کے ہزاروں ملازمین کی برطرفی اور معاشی قتل عام کے ساتھ ساتھ صدمے سے انتقال کر جانے والے ملازم کی موت پر ایکشن لیتے ہوئے انصاف فراہم کیا جائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں