کراچی سے جمع کیے ٹیکس سے چلنے والی وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان کی معاشی شہ رگ کو ہر قسم کی بنیادی ضروریات سے محروم کرتی جارہی ہے، مصطفی کمال

عوام کی خاموشی سے ظالم اور مضبوط ہوتا جارہا ہے،پاک سر زمین پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے پہلے دن سے کوشش کررہی ہے،چیئر مین پاک سرزمین پارٹی

اتوار 29 نومبر 2020 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی سے جمع کیے ٹیکس سے چلنے والی وفاقی اور صوبائی حکومتیں پاکستان کی معاشی شہ رگ کو ہر قسم کی بنیادی ضروریات سے محروم کرتی جارہی ہے کیونکہ عوام کی خاموشی سے ظالم اور مضبوط ہوتا جارہا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی عوامی مسائل کے حل کے لیے پہلے دن سے کوشش کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ آج جو پاکستان کے ایوانوں میں ہیں وہ ہر گزرتے دن کیساتھ کمزور ہو رہے ہیں اور پی ایس پی جس کے پاس آج کچھ نہیں وہ ہر گزرتے دن کیساتھ مضبوط ہوتی جارہی ہے۔

یہ اللہ کی مدد ہے۔جدوجہد کئے بغیر کبھی کامیابی نہیں ملتی۔ پاک سر زمین پارٹی پورے پاکستان کی عوام کی نمائندہ جماعت ہے کیونکہ ہم روایتی سیاسی جماعتوں کی طرح مسائل کا رونا نہیں رو رہے بلکہ پاکستان کے تمام مسائل کا قابلِ عمل حل بھی تجویز کررہے ہیں، یہی وجہ ہیکہ آج پاکستان کے کونے کونے سے عوام پاک سر زمین پارٹی کے پلیٹ فارم سے جڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان میں نئے سیاسی اور سماجی معاہدے کی ضرورت ہے۔ پاک سر زمین پارٹی نے انتخابی اصلاحات سمیت تمام اہم ترین مسائل کے حل تجویز کیے ہیں جن پر عمل کرنے کے بعد ہی پاکستان صحیح سمت کی طرف گامزن ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر الیاس گوٹھ میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں منقعدہ اجتماع کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر انیس قائم خانی دیگر مرکزی زمہ داران بھی موجود تھے انہوں نے مزید کہا کہ صد افسوس کہ کسی حکمران کو عوام کا کوئی احساس ہی نہیں ہے کیونکہ حکمرانوں کی تمام توجہ مسائل پر نہیں مخالفین پر ہے۔

ہمیں امید تھی کہ موجودہ حکمران جو اصلاحات کرنے کے وعدے کیساتھ حکومت میں آئے وہ اپنے وعدے پر پورا اتریں گے لیکن وہ اپنی نااہلی کی وجہ سے مصلحتوں کا شکار ہوگئے اور قوم کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی آج عوام کی دل کی دھڑکن بن چکی ہے اور آج کراچی سے کشمیر اور گلگت بلتستان تک قوم پاک سر زمین پارٹی کے پرچم تلے متحد ہورہی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں