سندھ بھر میں 30نومبر سے 6دسمبر تک شروع ہونے والی پولیو مہم میں عوام سے بھرپور شرکت اور تعاون کی اپیل

پیر 30 نومبر 2020 23:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے دفتر سے جاری ایک بیان میں ، پیما کراچی کے صدر پروفیسرمحمدعظیم الدین نے 30 نومبر سے 6 دسمبر تک ایک ہفتے کے لیے شروع ہونے والی پولیو مہم میں پیما کی جانب سے بالخصوص کراچی اور بالعموم پورے صوبہ سندھ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔صدر پیما کراچی نے پیما کے ممبران کو بھی اس مہم میں بطور ڈاکٹرز شرکت کرنے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کی تاکید کی اور کہا کہ وہ عوام اور خصوصا" اپنے مریضوں میں پولیو ویکسین کی اہمیت کو بیدار کریں اور پولیو ویکسین کی اہمیت کی تائید کرتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانے میں ایک موثر کردار ادا کرنے کے لئے تیار رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے ذریعے سندھ کی29 اضلاع میں90 لاکھ کے قریب5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا ئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ان میں20 لاکھ کے قریب بچے صرف کراچی میں مقیم ہیں ۔انہوں نے زور دیا کہ ہمارے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور ان کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے اس طرح کی پولیو مہمات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان اور افغانستان دنیا کے وہ دو ممالک ہیں جہاں اب بھی پولیو باقی ہے ۔

پاکستان میں2020 میں 81 پولیو کیس رپورٹ ہو ئے ہیں جن میں سے 22کیسز صوبہ سندھ سے ہیں ۔کورونا وائرس کے نتیجے میں مارچ سے جولا ئی تک پولیو مہم نہیں چلا ئی جاسکی لیکن اگست2020 سے بچوں میں قوت مدافعت بڑھانے کے لیے ہر مہینے پولیو مہم چلا ئی جارہی ہے ۔ ہم اسی رفتار کے ساتھ پولیو مہم جاری رکھیں گے تو جلد ہی اسکے بہت اچھے نتا ئج سامنے آئیں گے۔پولیو جیسی بیماریوں سے ویکسینیشن کے ذریعے ہی بچایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران کورونا وائرس سے بچاو کی تمام احتیاتی تدابیرپر عمل کیا جا ئے جس میں پولیوورکرز کا ماسک پہننا، اور تعیناتی سے قبل بخار چیک کرانا، بچوں کو براہ راست نہ سنبھالنا ، گھروں میں داخل نہ ہونا ، اہل خانہ کے ساتھ محدود وقت گزارنا اور قلم یا کہنی کے ساتھ دروازے پر دستک دینا شامل ہے ۔پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن پیما دنیا بھر کے طبی ماہرین اور پاکستان کے بڑے دینی اسکالرز بھی پولیو ویکسین کے حق میں بات کرتے ہیں جو نہ صرف پولیو سے بچاو کا بلکہ اس کے خاتمے کا سب سے محفوظ اور موثر طریقہ ہے ۔

پولیو ویکسین کی10 ارب خوراکیں گزشتہ دہا ئی میں دنیا بھر میں3 ارب بچوں کو دی گئی ہیں۔ جس کے نتیجے میں پولیو کے 10ملین کیسسز سے بچا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اس بات کی مکمل توثیق اور تائید کرتی ہے کہ پولیو ویکسین ایک محفوظ اور انتہاء افادیت کی حامل ویکسین ہے ، لہذا آئیں ہم سب مل کر پاکستان سے اس بیماری کا جڑ سے خاتمہ کریں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں