ایکسپورٹ پراسیسنگ زون، جعلی دستاویزات پر 8 کروڑ کا غیرملکی کپڑا بازار میں لانے کی کوشش ناکام

مختلف رنگوں کا 47 ہزار 155 کلوگرام کپڑا 8 ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا، کسٹمز نے مقدمہ درج کرلیا، کپڑا ضبط

پیر 30 نومبر 2020 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) پاکستان کسٹمز نے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے جعلی دستاویزات پر 8 کروڑ روپے مالیت کے غیرملکی کپڑے کی مارکیٹ میں منتقلی کی کوشش ناکام بنادی۔ذرائع نے بتایا کہ ایکسپورٹ ویلیو ایڈیشن کے لیے درآمد ہونے والے غیر ملکی کپڑے کو مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کپڑے کی ٹرکوں کے ذریعے جب ایکسپورٹ پروسیسنگ زون سے منتقلی کی جارہی تھی تو ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے ان ٹرکوں کو روک کر ایگزامنیشن کی تو متعلقہ دستاویزات طلب کرلیے۔دستاویزات سے اس امر کی نشاندہی ہوئی کہ میسرز لائبہ انڈسٹریز کی جانب سے گیٹ پاس جاری کیا گیا ہے اور کپڑے کو ڈائنگ و فنشنگ کے لیے میسرز احمد ڈائینگ سائٹ منتقل کرنا ہے لیکن دوران تفتیش اس بات کا انکشاف ہوا کہ متعلقہ کسٹمز حکام نے اس کپڑے کو زون سے باہر لے جانے کی اجازت دی اور میسرز لائبہ انڈسٹری نے کپڑے کی منتقلی کی دستاویزات میں ڈائنگ وفنشنگ کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

طویل تحقیقات کے بعد اس امر کی نشاندہی ہوئی کہ مختلف رنگوں پر مشتمل کپڑے اس بڑی کھیپ کو ڈائنگ و فنشنگ کی آڑ میں یونائیٹڈ انٹرپرائزز کے گودام میں لے جایا جارہا تھا۔ مختلف رنگوں کے 47155 کلو گرام برآمد ہوا۔ غیر ملکی کپڑا 8 ٹرکوں کے ذریعے منتقل کیا جارہا تھا۔ڈائریکٹوریٹ کسٹمز نے مقدمہ درج کرکے کپڑا اور ٹرکس ضبط کرلیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں