ڈیری فارمرز نے لائیو اسٹاک کے شعبے میںاستعمال ہونے والی اجناس کی بر آمد پر فوری پابندی کا مطالبہ کردیا

منگل 1 دسمبر 2020 23:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء)ڈیری فارمرز نے لائیو اسٹاک کے شعبے میںاستعمال ہونے والی اجناس کی بر آمد پر فوری پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے بصورت دیگر دودھ و گوشت کی قیمتوںمیںاضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاکر عمر گجر کا کہنا ہے کہ اجناس کی قیمتیں قوت خرید سے باہر ہوگئی ہیںاور دودھ کی پیداواری لاگت میںمسلسل اضافے کا رجحان ہے ،بھوسہ ،چوکر ،الفا الفا ،روڈ گراس اور دیگر اجناس کی قیمتیں مسلسل بڑ ھ رہی ہیں ،حکومت کی ناقص پالیسیوںکے باعث دودھ اور گوشت کی پیداواری لاگت میںناقابل حد تک اضافہ ہوگیا ہے ،حکومت نے اگر فوری طور پر اجناس کی بر آمد پر پابندی عائد نہ کی اور در آمدی و بر آمدی پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی گئی تو ملک میںڈیری اور کیٹل کا شعبہ تباہ ہوجائیگا اور لوگوں کو ڈھونڈنے پر بھی دودھ اور گوشت دستیاب نہیںہوگا۔

(جاری ہے)

شاکر گجر کا مزید کہنا تھا کہ اجناس کی بر آمد پر پابندی کے ساتھ ساتھ پام کرنل کیک،ڈی ڈی جی ایس،سویا بین سمیت دیگر ونڈہ کوالٹی اجناس کی در آمد سے بھی ٹیکسو ں اور ڈیوٹی کا خاتمہ کیا جائے تا کہ مقامی طور پر ڈیری و کیٹل کے شعبہ کیلئے اجناس کی دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے،انہوںنے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے لائیو اسٹاک شعبے کے مسائل حل کرنے پر توجہ نہ دی تو ملک میںدودھ اور گوشت کی قیمتوںمیں ناقابل حد تک اضافہ ہوسکتا ہے اور عوام کیلئے دودھ اور گوشت تک رسائی ناممکن ہوسکتی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں