کسی بھی شعبے میں ذمہ داری سنبھالنے کے لئے اس کے متعلق مکمل معلومات ہونا ضروری ہے ، جرمن قونصل جنرل

بحیثیت سول سرونٹ مسائل کا تجزیہ اور زمینی حقائق کی روشنی میں ان کا بروقت اور درست حل تجویز کرکے آپ خود کو اس عہدے کا اہل ثابت کرتے ہیں، ہولگرزیگلر

جمعرات 3 دسمبر 2020 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) جرمنی کے قونصل جنرل ہولگرزیگلر نے کہا ہے کہ کسی بھی شعبے میں ذمہ داری سنبھالنے کے لئے اس کے متعلق مکمل معلومات ہونا ضروری ہے ، بحیثیت سول سرونٹ مسائل کا تجزیہ اور زمینی حقائق کی روشنی میں ان کا بروقت اور درست حل تجویز کرکے آپ خود کو اس عہدے کا اہل ثابت کرتے ہیں۔ جرمن سول سروس میں افسران ہر قسم کی صورتحال کے لئے تیار کیا جاتا ہے، کوویڈ۔

(جاری ہے)

19 نے گلوبلائزیشن کی رفتار سست کردی ہے لیکن باہمی تعاون کی راہ میں یہ رکاوٹ حائل نہیں ہونا چاہئے، پاکستان اور جرمنی متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کر رہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریئر ہال میں قائم سی ایس ایس کارنر میں طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس طٰحہ سلیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے، قبل ازیں جرمن قونصل جنرل کی فریئر ہال آمد پر کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے انہیں خوش آمدید کہا اور سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے حوالے سے تفصیلات بتائیں، جرمن قونصل جنرل ہولگرزیگلر نے کہا کہ سی ایس ایس کے امتحان میں شرکت کے خواہشمند نوجوانوں سے ملاقات ان کے لئے ایک عمدہ تجربہ ہے، زندگی میں سیکھنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے ، خود میرے لئے سول سروس ایک انتہائی بھرپور سیکھنے کا عمل ثابت ہوئی، بنیادی طور پر میں ایک نیوکلیئر سائنسداں ہوں اور میں نے فزکس پڑھی ہے تاہم جب میں نے سول سروس جوائن کرنے کا فیصلہ کیا تو میرے استادوں نے ہمیشہ مجھے یہی تاکید کی کہ دنیا کی ہر شے کے بارے میں علم حاصل کرو تاکہ جہاں بھی جائو کامیابی تمہارے قدم چومے،انہوں نے پاکستان اور جرمنی کی سول سروس کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی میں امریکہ اور یورپ کے دیگر ممالک کے برخلاف سول سروس کو عملی کام اور تجربات سے جوڑا گیا ہے جس سے حکومتی اداروں سے لے کر ایک عام آدمی تک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دے چکے ہیں، 2004ء میں پاکستان آئے اور یہاں ایک سفارت کار کی حیثیت سے منفرد صورتحال کا سامنا کیا، انہوں نے کہا کہ جرمن فارن سروس پاکستانی اور جرمنی کمپنیز کے ساتھ کام کرتی ہے اور انہیں کسٹمز اور قانونی معاملات میں مکمل رہنمائی اور مدد فراہم کرتی ہے، جرمن ادارے خصوصاً جرمن ڈویلپمنٹ کارپوریشن پاکستان میں کئی پروجیکٹس پر کام کر رہی ہے، انہوں نے سی ایس ایس کارنر میں خواتین کی شرکت کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سول سروس میں خواتین کا بہت بڑا رول ہے اور وہ بہت کچھ کرسکتی ہیں لہٰذا ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس کارنر میں شرکت کرنے والے نوجوان ابھی سے اپنے لئے راہ عمل متعین کرلیں کیونکہ مستقبل میں آپ کو بھاری ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں ، ایک اچھے طالب علم کو ہر کسی سے سیکھنا اور مسلسل آگے بڑھتے رہنا چاہئے کہ زندگی آگے بڑھنے ہی کا نام ہے، انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ناکامی سے ہرگز مایوس مت ہوں، محنت اور جذبے کے ساتھ سی ایس ایس امتحان کی تیاری کریں، کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالونی نے سی ایس ایس کارنر میں نوجوانوں کی رہنمائی اور مفید مشورے فراہم کرنے پر جرمن قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ سول سروس میں شمولیت اختیارکرنے کی خواہش رکھنے والوں کو ان باتوں پر پورا دھیان دینا چاہئے جو انہیں ایک بہتر اور باعزت کیریئر کی طرف لے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس سے سفارتکاری تک کا سفر بے شک آسان نہیں تاہم یہ ایک ایسا چیلنج ہے جسے قبول کرنے والے باہمت اور حوصلہ مند لوگ کہلاتے ہیں، سی ایس ایس مقابلے کا امتحان ہے اور اس میں شرکت کرنے والوں کو خود کو دوسروں سے بہتر ثابت کرنا پڑتا ہے، جرمن قونصل جنرل اور قبل ازیں برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر کی یہاں آمد سے نوجوان طالب علموں کا حوصلہ بڑھا ہے اور امید ہے کہ وہ ایک نئے جذبے کے ساتھ اس امتحان کی تیاری کرسکیں گے، اختتام پر کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے جرمن قونصل جنرل ہولگرزیگلر کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شیلڈ دی اور روایتی سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں