ہم سندھ کی عوام کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،فردوس شمیم نقوی

جمعہ 4 دسمبر 2020 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی کی زیر صدارت اراکین اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر احساس پروگرام شیراز الحق نے شرکت کی اور سندھ میں جاری احساس پروگرام کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی ۔اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، ڈاکٹر سیما ضیاء، بلال غفار، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اسلم ابڑو، شبیر قریشی، رابستان خان، کریم بخش گبول اور ریاض حیدر موجود تھے۔

اس موقع پر فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ سندھ کی عوام کو احساس پروگرام کے ذریعے ریلیف فراہم کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے کوششیں تیز کردی ہیں۔بہت جلد سندھ کے ہر علاقے میں عوام احساس پروگرام سے مستفید ہونگے۔

(جاری ہے)

بہت جلد وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے پسماندہ علاقوں کے لئے صحت کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے ۔فردوس شمیم نقوی نے مزیدکہا کہ ہم سندھ کی عوام کو پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے عوام کی محرومیوں کودور کرنے کے لئے ہمیشہ اقدامات کرتی رہے گی ۔نا اہل صوبائی حکومت نے سندھ کو پسماندہ ترین صوبہ بنا دیا ہے۔ سندھ کے عوام کے ٹیکس کا پیسہ سندھ کے لوگوں پر لگنے کے بجائے کرپشن کی نظر ہو جاتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ احساس پروگرام تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پروگرام ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح کے لئے شروع کیا جانے والا پروگرام سے اب تک سندھ کے لاکھوں خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔ سندھ کے حالات بدلنے کے لئے سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ، عوامی خدمت کا یہ سفر ہمیشہ جاری رہے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں