کراچی پولیس آفس میں شہر میں ٹریفک کے مسائل اور انکے سدباب کیلئے اہم اجلاس

ایڈیشنل آئی جی نے شہر میں ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے احکامات جاری کردیئے

جمعہ 4 دسمبر 2020 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) کراچی پولیس آفس میں شہر میں ٹریفک کے مسائل اور انکے سدباب کیلئے جمعہ کو اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اجلاس کی صدارت کی۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر اور تمام ایس پی ٹریفک نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر نے شہر میں ٹریفک مسائل اور انکے حل پر تفصیلی بریفننگ دی۔

اجلاس میں ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی جہاں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے شہر میں ٹریفک کی روانی کو متاثر کرنے والے مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے ۔انہوںنے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے ٹریفک پولیس کی مدد اور رہنمائی کے لئے ضلعی پولیس موجود رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے ٹریفک پولیس کیجانب سے شہر میں حادثات کا تناسب بڑھنے کے اسباب کا تعین اور انہیں دور کرنے کی تجاویز پر رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کی ۔شہر میں حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح میں ون وے کی خلاف ورزی بھی بڑی وجہ ہے لہذا ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کیخلاف بھی بھرپور مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔شہر میں چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکیدار کو قانونی اجازت نامے اور پارکنگ فیس کو عوام کی سہولت کیلئے آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اس طرح غیر قانونی پارکنگ مافیا کی نشاندہی ہوسکے گی اور انکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

ٹریفک پولیس کے اہلکار جن کی رہائش جائے تعیناتی سے دور ہے انہیں انکی رہائش کے قریب ترین مقام پر تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اس سلسلے میں اہلکاروں کیجانب سے درخواست موصول ہونے پر فوری پوسٹنگ کر دی جائیگی۔شہر کی چورنگیوں اور مرکزی شاہراوں پر گداگروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں کے عوام کیساتھ رویوں میں مزید بہتری کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک کی روانی کو موثر بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل سے دوچار عوام کو بہتر انداز میں ریلیف دیا جا سکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں