ہارون الرشید جماعت اسلامی کے ایک مثالی کارکن اور دعوت و تحریک کا عملی نمونہ تھے، حسین محنتی

ہفتہ 5 دسمبر 2020 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کسی بھی فکری و نظریاتی تحریک کا کارکن قیمتی اثاثہ ہوتا ہے۔ محمد ہارون الرشید جماعت اسلامی کے ایک مثالی کارکن اور دعوت و تحریک کا عملی نمونہ تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی دفتر کے ذمہ دار محمد ہارون الرشید مرحوم کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

جن کا حال ہی میں کورونا وباء سے متاثر ہو کر انتقال ہو گیا تھا۔ تعزیتی ریفرنس سے جماعت اسلامی سندھ کے ناظم عمومی محمد دین منصوری، الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری ، سہیل احمد اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ صوبائی نائب قیم محمد مسلم سمیت الخدمت و جماعت اسلامی کے صوبائی دفتر کے کارکنان اور مرحوم کے دوست احباب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

سینئرصحافی اورروزنامہ جسارت کے چیف رپورٹرواجدحسین انصاری نے اپنی خوبصورت آواز میں ہدیہ نعت رسول مقبول ﷺپیش کیا۔محمد حسین محنتی نے کہ مزید کہا کہ محمد ہارون الرشید مرحوم صوبائی دفتر کی جان پہچان تھے، وہ ہر کام احساس ذمہ داری اور رضائے الٰہیٰ کے حصول کیلئے کرتے تھے، انہوں نے جماعت اسلامی کے دفتر میں کبھی بھی نوکری سمجھ کر کام نہیں کیا بلکہ وہ ہمہ تن مرتے دم تک اقامت دین اور خدمت خلق سے سرشار ہوکر ایک مشن سمجھ کر کام کرتے رہے ،وہ ہرفن مولا شخصیت کے مالک اور عمدہ انتظامی خوبیوںکے مالک تھے ، ناگہانی اور اچانک موت سے ہمارے درمیان سے ایک بہترین فرد اپنے رب کے حضور حاضر ہوگئے ہیں جن کا خلا بھرنا مشکل نہیں تو ناممکن ضرور ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صدر سید تبسم جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہارون رشید مرحوم مثالی، رول ماڈل اور مشینری جذبہ کے تحت کام کرنے والے کارکن تھے۔ ایسے لوگ تحریک و معاشرے کیلئے قابل قدر قابل تحسین ہوتے ہیں وہ ایک شعبہ کے نہیں بلکہ ہر شعبہ میں اپنا کام سمجھ کراپنا کردارادا کرتے تھے، الخدمت کے ایک کمرے کے دفتر سے لیکر پورے کمپلیکس کی بنیاد تک انہوں نے دن رات محنت کے ساتھ خدمت خلق کی اعلیٰ اور روشن مثال قائم کی۔

ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف اپنے آپ کو اقامت دین کی تحریک کیلئے وقف کر رکھا تھا بلکہ وہ دیانت و امانت قناعت پسندی و سادگی کے پیکرتھے، وہ دکھی انسانیت کی خدمت اور تحریک اسلامی کی کامیابی کیلئے ہمہ تن ہر لمحہ سرگرم رہے اور حقیقی معنوں میں مولانا مودودیؒ کے سپاہی کا کردار ادا کرکے آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے اور ہمارے لئے درخشدہ مثال قائم کی جس پر عمل کرکے ہم بھی تحریک اسلامی کا مثال کارکن بن سکتے ہیں۔

صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہا کہ مرحوم کم پڑھے لکھے ہونے کے باوجود اعلیٰ اخلاق، تحریکی مزاج اور نظم وظبط کے پابند تھے، سادگی حسن اخلاق ملنساری اور خوش اخلاقی تو ان کو ورثے میں ملی تھی۔ وہ اپنی ذمہ داری کو نوکری نہیں بلکہ اپنی زندگی کا مشن و مقصد سمجھتے تھے۔آخرمیں جماعت اسلامی سندھ کے بزرگ رہنما عبدالعزیزغوری،شعبہ مالیات کے معاون محمد سرورکے ہم ذلف لئیق الرحمان کی اہلیہ اورہارون الرشید سمیت دیگر مرحومین کی مغفرت درجات بلندی اورپسماندگان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں