فوکل پرسن برائے امورِ بلدیہ عظمیٰ کراچی کرم اللہ وقاصی نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں

جمعہ 15 جنوری 2021 20:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2021ء) صوبائی وزیر بلدیات کی جانب سے نامزدفوکل پرسن برائے امورِ بلدیہ عظمیٰ کراچی کرم اللہ وقاصی نے اپنی نئی ذمہ داریوں کو سنبھالنے کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مرکزی عمارت میںمختص اپنے دفتر میں بیٹھنا شروع کردیا ہے، انہوں نے مختلف محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے محکموں سے متعلق تحریری بریفنگ اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے تجاویز پیش کریں تاکہ ادارے کی بہتری کے لئے مل کر کام کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ وہ محکمہ جاتی سربراہان سے خود بھی فرداً فرداً ملاقات کریں گے اور ان امور پر گفتگو کریں گے جو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو میں اضافے کا باعث ہوں گے اور ساتھ ہی اس ادارے سے وابستہ ملازمین کے مسائل کے حل پر بھی بات کی جائے گی، بالخصوص ملازمین اور پینشنرز کو وقت پر تنخواہ اور پینشن کی ادائیگی کے معاملات پر غور کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیربلدیات ناصر حسین شاہ کی یہ بھر پور کوشش ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مسائل کو حل کرکے اس ادارے کو اس کے پیروں پر کھڑا کیا جاسکے ،انہوں نے محکمے کے افسران کو کہا کہ وہ وقت پر اپنے دفاتر میں حاضر رہیں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کرم اللہ وقاصی نے اس عزم کا اظہا رکیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے اور افسران و ملازمین کے درمیان فاصلے کم کرتے ہوئے ملازمین کے تحفظات کو دور کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے، انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو مستحکم کرنے، اس ادارے سے وابستہ ملازمین کے مسائل حل کرنے اور شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں