پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان آجائیگا،جام اکرام اللہ دھاریجو

جمعہ 15 جنوری 2021 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جنوری2021ء) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر ردعمل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک اور طوفان آجائیگا۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔

وفاقی حکومت کے اس عمل سے بیروزگاری اور خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت غریب عوام پر رحم کرے۔ کرونا وائرس کے باعث معیشت پہلے ہی تباہ حالی کا شکار ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے جو انتہائی افسوناک عمل ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام میں مایوسی اور بڑھے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ وفاقی وزراء ، مشیران اور ترجمان سلیکٹڈ وزیر اعظم کو زمینی حقائق سے آگاہ کریں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ ․پاکستان پیپلز پارٹی ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ ہے اور عوام کے ساتھ ہونے والی ہر نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں