کراچی، واٹر بورڈ عوام تک پینے کا پانی پہنچانے میںمکمل ناکام ہوچکی ہے ، شاہد فراز

ہفتہ 16 جنوری 2021 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) مہاجر قومی مومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئر مین شاہد فراز نے کہا کہ واٹر بورڈ عوام تک پینے کا پانی پہنچانے میںمکمل ناکام ہوچکی ہے ، جسکی اصل وجہ شہر میں قائم وہ غیر قانونی ہائیڈرنٹ اور ٹینکر مافیا ہیں جو روزانہ کی بنیا د پر لوگوں سے کروڑوں روپے اینٹھ رہے ہیں جنہیں ہائی کورٹ متعدت بار مسمارکر نے کے احکامات جاری کرچکی ہے اس کے باوجود مافیاز کے لوگ اس غیر قانونی دھندے کو بلاخوف و خطر جاری رکھے ہوئے ہیں، جو قانون اور حکومتی بالادستی پر سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جانے وہ کون سے اسباب اور طاقتیں ہیں جن کے آگے عدالتی احکامات کاغذ کے تکڑے کے مانند بے معنی دکھائی دے رہے ہیں ہم ارباب اختیار اور قانون پر عمل درآمد کرانے والے اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ قانون کی بالادستی اور حکومتی رٹ کو قائم کرنے کیلئے ایسے تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹ کو مسماراور عدالتی احکامات کا تمسخر آڑانے والوں کو قانون شکنجے میں لیا جائے۔

(جاری ہے)

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر نیو کراچی سندھی ہوٹل سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں پانی کا استعمال قدرے کم ہوتا ہے، جب پانی کی قلت کا یہ عالم ہے توموسم گرما میں اللہ ہی حافظ ہے ۔انہوں نے کہا کہ واٹر بورڈ جب تک لائنوں کے رسائو،واٹر ریسورسز کی صفائی ،پمپنگ اسٹیشنوں کی مرمت اور بحالی ،غیر قانونی صنعتی کنکشن اور ہائیڈرنٹس کا خاتمہ اور عملے کی بدانتظامی و سیاسی انتقام پر قابو نہیں پائے گا تب تک K-4ہو یا K-5کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور گذشتہ دس برسوں سے جاری بحران مزید دس برس عوام کو پریشان رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ نے جس طرح ایم ڈی واٹر بورڈ کے اچھے اقدامات پر کھلے دل سے انہیں خراج تحسین پیش کیا اسی طرح عوام کی تکالیف پر انکے خلاف احتجاج بھی کرسکتے ہیں ،عقلمندی کا تقاضہ یہ ہے کہ گرمیوں کا انتظار کرنے کی بجائے پانی کی فراہمی کیلئے ابھی سے انتظامات کئے جائیں اور ہائیڈرنٹس کو مسئلہ کا حل سمجھنے کی بجائے لائنوں کے ذریعے ہر گھر تک پانی پہنچانے کیلئے ترسیلی نظام ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں