شہر قائد گیس کا بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے،علامہ باقر عباس زیدی

شہر قائد 14 سے 16 گھنٹے گیس غائب ہے، عوام کو آئے روز کوئی نہ کوئی نئی اذیت جھیلنی پڑتی ہے، مجلس وحدت مسلمین

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) مجلس وحدتِ مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں گیس کا بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شہر کے مختلف علاقے ناظم آباد، نیوکراچی، اورنگی ٹاون، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی، لانڈھی و کورنگی میں میں 14 سے 16 گھنٹے گیس غائب ہے۔

عوام کو آئے روز کوئی نہ کوئی نئی اذیت جھیلنی پڑتی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کڑی تنقید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا یہ فیصلہ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث خوردونوش کی عام اشیاء کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

متوسط طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی پوری کرنی کسی اذیت سے کم نہیں۔ایسی صورتحال میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ ایک بدترین اذیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے انتظامی ڈھانچے کو کسی منظم منصوبہ بندی کے تحت چلانے کی بجائے حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تمام اشیاء پر اثرانداز ہوتا ہے۔عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے اسے مزید آزمائش میں ڈالنا حکومت کی رہی سہی ساکھ کو بھی تباہ کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو تبدیلی کے جو خواب دکھائے گئے تھے ان کی تعبیر انتہائی بھیانک ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ایک غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے اسے فوراً واپس لیا جائے۔وفاقی حکومت اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دیکر عوام پر سے مہنگائی کا بوجھ ہلکا کرے۔وفاقی حکومت کی ڈھائی سالہ بجٹ پالیسی میں بھی ناکام ہو چکی۔موجودہ حکومت کے دور میں سابقہ حکومتوں کے دور کے مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔پیڑول،گیس، بچلی کی بڑی ہوئی قیمتوں سے تنگ آکر عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں