واٹر بورڈ کے ملازمین کو یوٹیلٹی الائونس اور بعد از ریٹائرمنٹ گروپ انشورنس کی ادائیگی کی جائے، صدر یونائیٹڈ ورکرز یونین

ہفتہ 16 جنوری 2021 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ یونائیٹڈ ورکرز یونین کے چیئرمین جوزف صنم، صدر پنھل مگسی، جنرل سیکریٹری اکرام خان نے کہا ہے کہ واٹر بورڈ کے ملازمین کو یوٹیلٹی الائونس اور بعد از ریٹائرمنٹ گروپ انشورنس کی ادائیگی کیلئے بھرپور جدوجہد شروع کی جارہی ہے۔ ابتدائی طور پر احتجاجی بینر آویزاں کیے جائیں گے۔

اس کے بعد احتجاج کیا جائے گا اور عدالت سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے دوہرے معیار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی پر مامور اداروں کے ملازمین یوٹیلٹی الائونس کی ادائیگی سے محروم ہیں جبکہ اضافی ڈیوٹیوں کی ادائیگی کے باوجود واٹر بورڈ کا ٹیکنیکل عملہ اوورٹائم کی سہولت سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی احکامات کے باوجود صوبہ سندھ کی حکومت اپنے ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی ادائیگی بھی کررہی ہے جبکہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سے صوبہ سندھ کی حکومت کا معاہدہ 30 جون 2018 سے ختم ہوچکا ہے۔ جس کے باعث فوت ہونے والے ملازمین بھی گروپ انشورنس کی ادائیگی سے محروم ہیں البتہ واٹر بورڈ کے وفات یافتہ ملازمین کو آئندہ براہ راست گروپ انشورنس ادا کیا جائے گا جو کہ خوش آئند قدم ہے لیکن ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس کی عدم ادائیگی غیرمنصفانہ عمل ہے۔

انہوں نے چھٹی والے روز صدر ڈویژن کے ملازمین کو فزیکل ویریفکیشن کیلئے طلب کرنے کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ خواتین ملازمین کو بھی حکومتی پارٹی کی یونین کی ایماء پر فزیکل ویریفکیشن کیلئے چھٹی والے روز طلب کرنا غیرانسانی و غیراخلاقی عمل ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اورنگی ڈویژن سیوریج اور اورنگی ڈویژن واٹر کے مختلف یونین کے کارکنوں کی یونائیٹڈ ورکرز یونین میں شمولیت اور متحدہ ورکرز فرنٹ سی بی اے کے سرگرم کارکن فراست رسول اور پیپلز لیبر یونین کے سینئر کارکن عبدالرشید کی بھی یونائیٹڈ ورکرز یونین میں شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں