کراچی سے داعش کو مالی معاونت فراہم کرنیوالا ملزم گرفتار

ملزمان شام میں داعش کی خواتین کو پیسے بھیج رہے تھے،ڈی آئی جی عمرشاہدکی پریس کانفرنس

پیر 18 جنوری 2021 19:13

کراچی سے داعش کو مالی معاونت فراہم کرنیوالا ملزم گرفتار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) کاونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بٹ کوائن کے ذریعے کراچی سے شام داعش کو مالی معاونت فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم عمر خالد اب تک لاکھوں روپے شام منتقل کر چکا ہے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے انچارج ٹیرر فنانسنگ یونٹ راجہ عمر خطاب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ راجہ عمر بیرون ملک دہشت گردوں کو کراچی سے فراہم کی جانے والی مالی معاونت کے حوالے سے ایک سال سے تفتیش کر رہے تھے، اس دوران حافظ عمر بن خالد کو گرفتار کیا گیا تاہم ناکافی ثبوت ہونے کی وجہ سے ملزم ضمانت پر رہا ہوگیا ۔

انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ملزمان شام میں داعش کی خواتین کو پیسے بھیج رہے تھے، ملزم عمر خالد نے موبائل فون والا ایزی پیسہ اکاونٹ بنایا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم اس اکاونٹ کے ذریعے لوگوں سے پیسے جمع کرتا تھا، اکاونٹ میں جمع ہونے کے بعد یہ پیسے حیدر آباد میں ایک اور اکاونٹ میں منتقل کئے جاتے تھے، حیدرآباد میں ملزم ضیاپیسوں کو ڈالر اور پھر بٹ کوائن میں منتقل کرکے شام منتقل کرتا تھا،ملزمان ایک سال کے اندر ایک ملین روپے سے زائد منتقل کر چکے ہیں۔

راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ ٹوئیٹر اکاونٹ کے ذریعے جہادی فیملیز فنڈنگ کا مطالبہ کرتی ہیں،رابطوں کیلئے سوشل میڈیا ایپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم عمر خالد این ای ڈی یونی ورسٹی کے فائنل ائیر میں تعلیم حاصل کررہا تھا جبکہ ملزم اور اس کے روپوش ساتھیوں کے خلاف ٹیرر فنانسنگ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے بقیہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے بھی اقدمات کئے جارہے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں