جعلی فیس بک آئی ڈیز بنا کر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے والا شخص گرفتار

ْملزم نے 150 جعلی آئی ڈیز بنا رکھی تھیں جن کے ذریعے لڑکیوں کو ہراساں کرتا تھا، ایف آئی اے

منگل 19 جنوری 2021 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) مقامی عدالت نے جعلی فیس بک آئی ڈیز بنا کر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں ملزم صبیح فرحت کو 21 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیاہے۔منگل کوکراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ سائوتھ کے روبرو جعلی فیس بک آئی ڈیز بنا کر لڑکیوں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

ایف آئی اے نے ملزم صبیح فرحت کو عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف دیا کہ ملزم نے 150 جعلی آئی ڈیز بنا رکھی تھیں جن کے ذریعے لڑکیوں کو ہراساں کرتا تھا۔ ملزم نے ایک لڑکی سے شادی کی خواہش ظاہر کی لیکن شادی سے انکار پر لڑکی کی نازیبا تصاویر اسکی بہن کو بھیج دیں۔ ملزم نے لڑکی کو غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کی دھمکیاں بھی دیں۔متاثرہ خاندان کی درخواست پر ایف آئی نے بروقت کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرکے اس سے لڑکیوں کی نازیبا تصاویریں بھی برآمد کرلیں۔ ایف آئی اے نے درخواست کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنے کے لیے ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے ملزم کو 21 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں