کراچی،پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کرولاگینگ گروہ کے دوران تفتیش اہم انکشاف

گرفتار ملزمان انتہائی مطلوب اوربڑی ڈکیتیوںمیں ملوث تھے،گرفتار ملزمان میں تین افغان اورچارپاکستانی شامل ہیں،پولیس حکام

منگل 19 جنوری 2021 15:50

ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے کرولا گینگ گروہ نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے بہادرآباد میں مشکوک کار کے گھومنے کی اطلاع ملی تھی، ون فائیو پر آنے والی اطلاع کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کی گئی، اسی دوران پولیس نے وائٹ کرولا گینگ کے ملزمان سے مقابلہ ہوگیا،فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4زخمیوں سمیت 7ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان سے ایک کلاشنکوف اورچھ پستول برآمد ہوئے ہیں۔

فیروز آبادپولیس کے مطابق پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ملزمان انتہائی مطلوب اوربڑی ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث نکلے، گرفتار ملزمان میں تین افغان اورچارپاکستانی شامل ہیں ، کرولا گینگ کا سرغنہ عزیز الرحمن بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہے، پولیس کے مطابق ملزم ماڈل تھانہ فیروز آباد کے ہاتھوں تیسری مرتبہ گرفتارہوا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے دعوی کیا کہ گرفتار ملزمان پی ٹی آئی ایم این اے کے دفترپر ڈکیتی میں بھی ملوث نکلے، ملزمان نے ڈکیتی کے دوران42 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان لوٹا تھا، اس کے علاوہ ملزمان نے کارساز پر لینگویج سینٹر میں بھی ڈکیتی کی اور ملٹی نیشنل کمپنی کے سروس سینٹر کا بھی صفایا کیا تھا۔

گرفتار گروہ نے اعتراف کیا کہ ایک سال کے دوران انہوں نے دس وارداتیں کیں ہیں جبکہ گروہ مجموعی طور پر 30 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ کراچی پولیس عرصہ دراز سے کرولا گینگ کے خلاف متحرک ہے، اس سے قبل بھی اس گینگ سے منسلک کئی ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں اس گینگ کے خلاف پولیس نے کارروائی کی ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں