صنعتوں کو گیس کی بندش سے بیروزگاری میں اضافہ ہوگا،بچو عبد القادر دیوان

20جنوری تک صنعتوں کو گیس نہ ملنا انتہائی افسوناک ہے، ہزاروں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں حکومت گیس بحران کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے،چیئرمین پاک مسلم الائنس دیوان

بدھ 20 جنوری 2021 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) چیئرمین پاک مسلم الائنس دیوان بچو عبد القادر دیوان نے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 جنوری تک صنعتوں کو گیس نہ ملنا انتہائی افسوناک ہے۔ گھریلوصارفین اور صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل ہونے کے حوالے سے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں گیس کا بحران ہوگیا ہے،ایٹمی صلاحیت کے حامل پاکستان میں جہاں پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے وہاں اب گیس کا بحران بھی شدت اختیار کرنے لگا ہے۔

ملک میں سردی کی شدید لہر کی وجہ سے گیس کا استعمال بڑھ گیا ہے تاہم گھریلو صارفین کے لیے گیس کی مکمل فراہمی ممکن نہیں ہو پا رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور کورونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی بہت پریشان ہیں،صنعتوں کو گیس کی بندش سے بیروزگاری مزید بڑھے گی۔کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ملتان، پشاور، فیصل آباد،کوئٹہ،گوجرانوالہ، سوات سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں گیس کی فراہمی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے،سندھ میں گیس کی عدم فراہمی پر صنعتیں بند ہونے سے تاجر اور مزدور پریشان ہیں، سندھ کے صنعت کاروں نے گیس کے بحران کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

بچو عبد القادر دیوان نے کہا کہ گیس کے بحران کہ وجہ سے کئی روز سے سی این جی اسٹیشنز بند ہونے کے باعث صارفین کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، سی این جی اسٹیشنوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہیں۔ ہزاروں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔سی این جی کی بندش کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ کم ہوگئی اورشہرمیں رکشہ اور ٹیکسی مالکان سمیت نجی ٹیکسی سروس نے اپنے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گیس بحران کے خاتمے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں