محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے تحت پہلا کراچی میری گولڈ فیسٹیول کل باغ جناح فریئر ہال میں منعقد ہوگا

شہری اپنی نوعیت کے اس پہلے میری گولڈ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی

بدھ 20 جنوری 2021 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے تحت پہلا کراچی میری گولڈ فیسٹیول جمعہ 22 جنوری سے باغ جناح فریئر ہال میں منعقد کیا جا رہا ہے جو 24 جنوری تک جاری رہے گا، فیسٹیول میں بڑے پیمانے پر کراچی کی نرسریاں اور مختلف ادارے حصہ لے رہے ہیں، اس موقع پر مختلف اسٹالز بھی لگائے جائیں گے جبکہ ملٹی نیشنل کمپنیز کی جانب سے تحائف بھی دیئے جائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے شہریوں سے کہا ہے کہ کراچی میں منعقد ہونے والے اپنی نوعیت کے اس پہلے میری گولڈ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں، انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر گیندے کے پھول کی اتنی زیادہ اقسام پہلے کبھی نمائش کے لئے پیش نہیں کی گئیں لہٰذا یہ پھولوں اور پودوں سے محبت کرنے والوں کے لئے بہترین موقع ہے کہ اس فیسٹیول میں اپنی فیملی سمیت شرکت کا لطف اٹھائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس فیسٹیول کے لئے مختلف اداروں اور کمپنیز کی شرکت کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ اسے ایک دلکش اور معیاری فیسٹیول کا انداز دیا جاسکے، منتظمین کو ہدایت کی ہے کہ میری گولڈ فیسٹیول میں آنے والے شہریوں کو ہرممکن سہولت مہیا کی جائے، انہوں نے کہا کہ گیندے کا سنہرا اور زرد پھول موسم سرما کی سوغات ہے جسے دیکھ کر تازگی کا فرحت بخش احساس ہوتا ہے، اس موقع کو مزید بہتر اور معلوماتی بنانے کے لئے فیسٹیول میں رکھے جانے والے موسمی پھولوں کے نباتاتی نام، نشونما اور پھول کے کھلنے کی مدت اور سازگار ماحول کے حوالے سے ہرممکن جامع معلومات بھی فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں میں زیادہ سے زیادہ باغبانی کا شوق پیدا ہو اور وہ اپنے گھروں اور باغات میں یہ خوبصورت پھول اگائیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کی تاریخ میں لگایا جانے والا گیندے کے پھولوں کا یہ خوبصورت میلہ اپنی مثال آپ ہوگا اور شہری اسے طویل عرصے تک یاد رکھیں گے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس فیسٹیول کو ایک سالانہ ایونٹ کی شکل دے گی تاکہ شہریوں کو اس میں شرکت کا موقع ملتا رہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں