جناح اسپتال میں زہر خورانی کے مریضوں کیلئے ’’ ایئر سلوشن سسٹم ‘‘ نصب

بدھ 20 جنوری 2021 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2021ء) الخدمت کراچی کی جانب سے جناح اسپتال میں زہر خورانی کے مریضوں کیلئے ’’ ایئر سلوشن سسٹم ‘‘ نصب کردیا گیا ہے ۔اس سسٹم کے ذریعے اسپتال میں آنے والے زہرخورانی کے مریضوں کو فوری طبی امداد اور ریلیف دینے میں مدد ملے گی ۔اس سہولت کاافتتا ح رکن سند ھ اسمبلی سید عبد الرشیدنے جناح اسپتال کے وارڈنمبر 5میں بدھ کے دن کیا ۔

افتتاح کے بعد خصوصی دعا کی گئی اورجناح اسپتال سمیت تمام اسپتالوں میں داخل مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی گئی ۔اس موقع پر الخدمت کے ذمہ دار سرفراز شیخ بھی موجود تھے ۔سید عبد الرشید نے اس موقع پر ایگز یکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتا ل ڈاکٹر سیمی جمالی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔رکن اسمبلی سید عبد الرشید نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں نمایاں کام کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی الخدمت نے صحت کے شعبے میں لوگوں کی بڑی خدمت کی جو اب بھی جاری ہے ۔جناح اسپتال میں الخدمت کی جانب سے ایئر سلوشن سسٹم کی تنصیب سے زہرخورانی کے مریضوں کیلئے کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مریض جو کسی نہ کسی وجہ سے زہرخورانی کا شکار ہوکر اسپتا ل پہنچتے ہیں انہیں ہنگامی صورت حال میں اس سسٹم کی ضرورت ہوتی ہے ۔سید عبد الرشید نے کہا اس سسٹم کی تنصیب سے زہرخورانی کے مریضوںکی جان بچانے میں بہت مدد ملے گی اوران کا علاج جلد ممکن ہو گا۔سیمی جمالی نے الخدمت کی جانب سے اس کاوش کو سراہا اور الخدمت کی صحت کے حوالے سے خدمات کی بھی تعریف کی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں