کراچی ،جے یو آئی کے تحت اسرائیل نامنظور ملین مارچ کل مزارقائد پر منعقد ہوگا

بدھ 20 جنوری 2021 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2021ء) جے یو آئی کے تحت اسرائیل نامنظور ملین مارچ کل مزارقائد پر منعقد ہوگا، مولانا فضل الرحمن سمیت پی ڈی یم قائدین خطاب کریں گے، جے یو آئی سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق آج 21 جنوری کو کراچی مزارقائد پر جمعیت علماء اسلام سندھ کی میزبانی میں منعقدہ اسرائیل نامنظور ملین مارچ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، مزارقائد کے سامنے مرکزی شاہراہ پرپنڈال سجا دیا گیاہے ، اسٹیج، پنڈال، داخلی راستوں، سیکورٹی، پارکنگ سمیت دیگر انتظامات بھی مکمل ہوگئے ہیں،جبکہ سیکورٹی انتظامات کیلئے انصارالاسلام کے تین ہزار سے زائد رضاکار تعینات کئے گئے ہیں، روشنی کیلئے برقی قمقموں اور ساؤنڈ کا جدید انتظام کیا گیا ہے، شہرقائد کے تمام شاہراہوں اور سڑکوں پر بڑے بڑے ہورڈنگز اور بینرز لگائے جاچکے ہیں جبکہ پارٹی پرچم بھی بڑی تعداد میں لگا دئیے گئے ہیں، سمیع سواتی کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن دیگرمرکزی رہنماؤں کے ہمراہ بدھ کوکراچی پہنچ گئے ،کراچی آمد کے بعدمولانا فضل الرحمن نے جامعہ انوارالعلوم مہران ٹاؤن کورنگی میں جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس شوریٰ اور اضلاع کے صدور وجنرل سیکرٹریزکے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور ان سے تفصیلی خطاب کیا،اجلاس سے صوبائی امیر مرشد الموحدین مولانا عبدالصمد ہالیجوی، مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، علامہ راشد محمود سومرو ،مولانا امجد خان ، مولانا عبد القیوم ہالیجوی، ودیگر مرکزی قائدین نے بھی خطاب کیا، اسرائیل نامنظور ملین مارچ کا آغاز دوپہر ایک بجے کیا جائے گاجو رات گئے تک جاری رہے گا، مرکزی قافلہ سہراب گوٹھ سے مزار قائد کی طرف دن ساڑھے 12 بجے جے یوآئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں روانہ ہوگا جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر سے اضلاع اور پی ایس کے قافلے مقامی امیروسیکریٹری جنرل کی قیادت میں مزارقائد پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق سواتی نے اسرائیل نامنظورملین مارچ کو پاکستان کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا تاریخ سازملین مارچ ماضی کے تمام جلسوں کے ریکارڈتوڑ دے گا اور اسرائیل نوازطبقے کے خواب چکناچور کردے گا،لاکھوں اسلامیان مظلوم فلسطینی مسلمانوںسے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے مضبوط عزم کے ساتھ آج کے ملین مارچ میں شریک ہوں گی

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں