پی ایس 88ضمنی الیکشن ،صوبائی الیکشن کمشنر کی زیر صدارت ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے،اعجاز انور چوہان کا اجلا س سے خطاب

جمعہ 22 جنوری 2021 18:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں پی ایس 88ملیر۔II کے الیکشن کے انعقاد کے متعلق ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ریٹرننگ آفیسر/ ڈپٹی کمشنر ملیر /ایس ایس پی ملیر/ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر/ مانیٹرنگ افسران /اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز اور تمام متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن کے انعقاد کے انتظامات حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس 88۔ملیر میں حق رائے دہندگان کی کُل تعداد 1,45,627 ہے، جس میں مرد رائے دہندگان 81,425 جبکہ خواتین رائے دہندگان 64,202 ہیں۔ جس کیلئے 108 پولنگ اسٹیشنز اور 418 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ پُرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن کے ہدایات کے تحت تمام ضروری احکامات کو یقینی بنایا جائیگا۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر بنیادی سہولیات، پانی، بجلی، واش روم اور معذور افراد کیلئے ریمپ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ساتھ پولنگ اسٹیشن کی صفائی و ستھرائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔ اِس سلسلے میں محترم چیف الیکشن کمشنر محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولتوں کو یقینی بنایا جائے۔

اِس ضمن میں حکومت سندھ کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ پولیس افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کی سیکورٹی کے مکمل انتظامات کو اُن کی حساسیت کے مطابق کئے جائیں اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن بلاتفریق اور سب کیلئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہیں اوریقین دلایا کہ ضمنی انتخاب میں مکمل غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا۔ واضح رہے کہ پی ایس 88ملیر۔ II میںپولنگ 16فروری 2021 بروز منگل صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں