کراچی کے لئے گیارہ سو ارب کے پیکیج پر عمل کیا جائے،پی پی پی اور پی ٹی آئی لڑائی کراچی کے لئے درست عمل نہیں ،سابق اراکین اسمبلی

پیر 25 جنوری 2021 14:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) سابق اراکین اسمبلی محمد سلیم ، محمد شاہد اور سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے گیارہ سو ارب کے پیکیج پر عمل کیا جائے، پی پی پی اور پی ٹی آئی لڑائی کراچی کے لئے درست عمل نہیں ۔ سابق اراکین اسمبلی نیوزیراعظم عمران خان اوروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے کراچی کی ترقی کے لئے اختلافات بھلا کر کام کرنے کی اپیل کی ہے۔

سابق اراکین اسمبلی نے کہا کہ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک ہوجائیں ۔ شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے اور عوام بے یقینی کی کیفیت کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مہم ہو یا پی ایس پی کی مردم شماری مہم ، پی پی پی کی سندھ کے وسائل کی مہم ، پی ٹی آئی کا ٹرانسفارمیشن پیکج ، سب اسٹیک ہولڈرز کو کراچی جو ملک کو ستر فیصد اور صوبہ کو نوے فیصد ریونیو دیتا ہے اسکے ساتھ منی پاکستان والا سلوک کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اسلئے اس پر فوری وسائل کا استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو پاورفل کیا جائے اور یہ سوچ کر ان اداروں کو مستحکم کیا جائے کہ یہ ترقی کا بہترین راستہ اور ملک اور صوبہ کے لئے نیک عمل ہیں۔ سابق اراکین اسمبلی نے اداروں میں سیاست کا قلع قمع کرنے اور لسانیت کے زہر کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں